آزاد کشمیر انتخابات کا تیسرا مرحلہ، تین سابق و موجودہ وزرائے اعظم کا سیاسی مستقبل کیا ہوگا ، فیصلہ آج

آزاد کشمیر انتخابات کا تیسرا مرحلہ، تین سابق و موجودہ وزرائے اعظم کا سیاسی مستقبل کیا ہوگا ، فیصلہ آج

آزاد کشمیر کے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں باغ اور حویلی کہوٹہ کے چار اہم انتخابی حلقوں میں آج ہونے والی پولنگ کئی سیاسی شخصیات کے لیے غیر معمولی اہمیت اختیار کرگئی ہے۔ ان حلقوں میں سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس، مسلم کانفرنس کے سربراہ اور سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان جبکہ موجودہ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور انتخابی میدان میں موجود ہیں۔ تینوں رہنماؤں کے لیے یہ مقابلہ محض ایک نشست حاصل کرنے کی کوشش نہیں بلکہ سیاسی ساکھ، عوامی حمایت اور مستقبل کی سیاست کے حوالے سے بھی اہم امتحان سمجھا جارہا ہے۔

غربی باغ میں سردار عتیق احمد خان کو سخت مقابلے کا سامنا

ایل اے 14 غربی باغ میں سابق وزیراعظم اور مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق احمد خان کا مقابلہ عوامی دست وبازو پارٹی کے سربراہ سردار ساجد اقبال عباسی سے ہے۔ سیاسی حلقوں میں اس مقابلے کو خاص اہمیت دی جارہی ہے کیونکہ سردار عتیق احمد خان اس حلقے سے ماضی میں مسلسل کامیاب ہوتے رہے ہیں۔

سردار ساجد اقبال عباسی کی جانب سے حلقے میں سڑکوں، پانی اور تعلیمی سہولیات کے لیے اقدامات کا دعویٰ کیا جاتا ہے۔ ان کے حامیوں کا کہنا ہے کہ مقامی سطح پر کیے گئے کاموں کے باعث انہیں عوامی حمایت حاصل ہے۔ تحریک انصاف کے سابق امیدوار میجر ریٹائرڈ لطیف خلیق کی حمایت بھی انہیں حاصل ہونے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔

2021 کے انتخابات میں سردار عتیق احمد خان نے 25 ہزار 389 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ میجر ریٹائرڈ لطیف خلیق 17 ہزار 56 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ 2016 میں بھی سردار عتیق احمد خان 23 ہزار 551 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے۔ تاہم اس بار سیاسی مبصرین کے مطابق انہیں پہلے کے مقابلے میں زیادہ سخت مقابلے کا سامنا ہے۔

وسطی باغ میں چار بڑے امیدوار آمنے سامنے

ایل اے 15 وسطی باغ میں انتخابی معرکہ مزید دلچسپ دکھائی دے رہا ہے جہاں سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار کی حیثیت سے میدان میں ہیں۔ ان کے مقابلے میں مسلم لیگ ن کے مشتاق منہاس، پیپلز پارٹی کے سردار ضیاء القمر اور جماعت اسلامی کے بریگیڈیئر ریٹائرڈ محمد خان موجود ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں :شاہد خاقان کوانٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانا مہنگا پڑگیا، الیکشن کمیشن نے عوام پاکستان پارٹی ڈی لسٹ کردی

گزشتہ انتخابات میں سردار تنویر الیاس نے 19 ہزار 825 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ سردار ضیاء القمر 14 ہزار 558 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ مشتاق منہاس نے 11 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کیے تھے۔

اس مرتبہ مسلم لیگ ن کے امیدوار مشتاق منہاس نے بھی بھرپور انتخابی مہم چلائی ہے جبکہ مسلم کانفرنس کے امیدوار راجہ یاسین خان کی حمایت بھی انہیں حاصل ہونے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب بریگیڈیئر ریٹائرڈ محمد خان کو اپنی برادری کی حمایت حاصل ہونے کی بات کی جارہی ہے۔ یوں اس حلقے میں کسی ایک امیدوار کو واضح برتری حاصل ہونے کے بجائے سخت مقابلے کی صورتحال دکھائی دے رہی ہے۔

شرقی باغ میں روایتی سیاسی مقابلہ

ایل اے 16 شرقی باغ میں روایتی سیاسی حریف ایک مرتبہ پھر آمنے سامنے ہیں۔ یہاں سردار قمرالزمان خان اور سردار امیر اکبر کے درمیان مقابلے کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ گزشتہ انتخابات میں سردار امیر اکبر نے معمولی برتری سے کامیابی حاصل کی تھی جس کے باعث اس بار بھی دونوں امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔

حویلی کہوٹہ میں وزیراعظم فیصل راٹھور کو بڑا چیلنج

ایل اے 17 حویلی فارورڈ کہوٹہ میں موجودہ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کے لیے انتخابی معرکہ انتہائی اہم قرار دیا جارہا ہے۔ حلقے میں راٹھور اور گوجر برادریوں سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے درمیان روایتی سیاسی مقابلہ موجود ہے اور اس مرتبہ بھی مقابلہ سخت دکھائی دے رہا ہے۔

2021 کے انتخابات میں فیصل ممتاز راٹھور نے 30 ہزار 852 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری محمد عزیز مرحوم 25 ہزار 734 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ 2016 میں چوہدری محمد عزیز نے 34 ہزار 313 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی تھی۔

 یہ بھی پڑھیں :آزاد کشمیر انتخابات ،سابق وزرا ء سمیت بڑے سیاسی ناموں کو شکست ، 5 نئے امیدوار اسمبلی میں پہنچ گئے

موجودہ انتخابات میں چوہدری محمد عزیز مرحوم کے صاحبزادے چوہدری محسن عزیز مسلم لیگ ن کے امیدوار ہیں۔ دوسری جانب فیصل ممتاز راٹھور کے سابق اتحادی خواجہ طارق سعید بھی آزاد حیثیت سے میدان میں موجود ہیں۔ خواجہ طارق سعید کو پیپلز پارٹی کے بعض عہدیداروں کی حمایت حاصل ہونے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ اس صورتحال کے باعث وزیراعظم فیصل راٹھور کے ووٹ بینک کو نقصان پہنچنے کے امکانات پر سیاسی حلقوں میں بحث جاری ہے۔

حلقے میں انتخابی عمل کے حوالے سے پریزائیڈنگ افسران کی گرفتاری کا معاملہ بھی سامنے آچکا ہے جس نے سیاسی ماحول کو مزید حساس بنا دیا ہے۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے انتخابی بے ضابطگیوں کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں تاہم ان الزامات کے حتمی تعین کا فیصلہ متعلقہ انتخابی اداروں کی کارروائی کے بعد ہی ہوسکے گا۔

یوں آزاد کشمیر انتخابات کا تیسرا مرحلہ کئی بڑے سیاسی ناموں کے لیے فیصلہ کن مرحلہ بن چکا ہے۔ باغ اور حویلی کہوٹہ کے یہ چار حلقے نہ صرف جماعتی پوزیشن واضح کریں گے بلکہ تین اہم سیاسی شخصیات کی مقبولیت اور آئندہ سیاسی کردار کے حوالے سے بھی اہم اشارے فراہم کرسکتے ہیں۔

editor

Related Articles