گلگت بلتستان میں 5.4 شدت کا زلزلہ ، لینڈ سلائیڈنگ سے راستے بند

گلگت بلتستان میں 5.4 شدت کا زلزلہ ، لینڈ سلائیڈنگ سے راستے بند

گلگت بلتستان کی وادی چپورسن میں آج صبح سویرے آنیوالے  5.4 شدت کے زلزلے نے علاقے کو ہلا کررکھ دیا ۔

تفصیلات کے مطابق وادی میں شدید جھٹکوں کے بعد رمنجی کے قریب چٹانیں گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ بھی پیش آیا، جس سے مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق زلزلے کے باعث کئی مکانات کو نقصان پہنچا ہے، تاہم ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں ، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث وادی کو ملانے والا واحد کچا راستہ بھی بند ہوگیا، جس سے زمینی رابطہ متاثر ہوا ہے اور رہائشیوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔

یورپین-میڈیٹیرینین سیسمولوجیکل سینٹر (EMSC) کے مطابق زلزلے کا مرکز بٹگرام سے تقریباً 260 کلومیٹر شمال مشرق میں جبکہ اس کی گہرائی 35 کلومیٹر تھی۔

مقامی لوگوں نے زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے جبکہ ہنزہ اور آس پاس کے دیگر علاقوں میں بھی زلزلے کے اثرات محسوس کیے گئے۔

واضح رہے کہ چپورسن وادی شمالی ہنزہ میں پاکستان-افغانستان سرحد اور واخان کوریڈور کے قریب واقع ہے اس علاقے میں حالیہ مہینوں کے دوران متعدد زلزلے آچکے ہیں، جس کے باعث بعض رہائشی محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونے پر مجبور ہوئے ہیں۔

محکمہ موسمیات اور جیولوجیکل سروے آف پاکستان کے مطابق خطے میں موجود فالٹ لائن زلزلے کی سرگرمی کی ایک اہم وجہ ہوسکتی ہے، زیرِ زمین گلیشیئرز کی حرکت کو بھی ممکنہ عوامل میں شمار کیا گیا ہے۔

سیاحوں کیلئے اہم احتیاط

چپورسن اور شمالی ہنزہ کے پہاڑی علاقوں میں زلزلے کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، ایسے میں سیاحوں اور مقامی افراد کو پہاڑی سڑکوں، ڈھلوانوں اور متاثرہ راستوں پر غیر ضروری سفر سے گریز کرنا چاہیے۔

حکام کی جانب سے صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ شہریوں کو ممکنہ آفٹر شاکس کے پیش نظر چوکس رہنے اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سوات اور کوئٹہ میں بھی زلزلے ریکارڈ

اس سے قبل 28 جولائی کو سوات میں 4.8 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ زلزلے کے جھٹکے مختلف علاقوں میں محسوس کیے گئے اور خوف کے باعث بعض شہری گھروں اور کام کی جگہوں سے باہر نکل آئے۔

 19 جولائی کو بھی رات گئے کوئٹہ میں 4.0 شدت کا زلزلہ آیاتھا ، جس کی گہرائی 15 کلومیٹر جبکہ مرکز کوئٹہ سے تقریباً 37 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا۔

زلزلوں کے مسلسل واقعات کے پیش نظر متعلقہ ادارے علاقوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ شہریوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ محتاط رہیں اور کسی بھی ممکنہ آفٹر شاک کی صورت میں حفاظتی اقدامات پر فوری عمل کریں۔

editor

Related Articles