گرمی کے ستائے شہریوں کیلئے خوشخبری ہے کہ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی نوید سنادی ۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ،کشمیراور بالائی کے پی کے میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی ،گلگت بلتستان میں بھی مطلع جزوی ابرآلود رہے گااور بعض مقامات پر بارش ہو گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آج دن بھر مطلع جزوی ابرآلود رہے گا جبکہ شام کے اوقات میں بارش ہو گی،وفاقی دارالحکومت کے درجہ حرارت میں معمول کی نسبت 4 ڈگری کمی ریکارڈکی گئی ہے ، صبح کے اوقات میں شہر اقتدار کا درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیاجبکہ دن کے اوقات میں درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں دن بھر 11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے،ہوا میں نمی کا تناسب 71 فیصد سے زائد ریکارڈکیا گیا ہے۔
ادھر شہر قائد کا موسم ابر آلود اور مرطوب رہے گا ،تاہم رات کے اوقات میں بونداباندی ہو سکتی ہے، کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، دن بھر شہر کا مطلع زیادہ تر ابر آلود رہنے اور موسم مرطوب رہنے کے ساتھ رات کے اوقات میں بونداباندی کا امکان ہے، آج شہرکراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 28.1 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آج سے 15 اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ، پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش متوقع ہے، اس کے علاوہ مردان، صوابی، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، خیبر، مہمند اور کرم میں بھی بارش متوقع ہے۔
اس حوالے سے پی ڈی ایم اے کا کہنا ہےکہ بارشوں کے باعث حساس پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، پی ڈی ایم اے نے دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی ہے۔