برطانوی ڈرائیور اور سابق رائل ایئر فورس پائلٹ اینڈی گرین نے ہائیڈروجن سے چلنے والی گاڑی کے ذریعے زمین پر رفتار کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 64 سالہ اینڈی گرین نے امریکی ریاست یوٹاہ کے بون ویل سالٹ فلیٹس میں ہائیڈرو میکس نامی گاڑی کو 406 میل فی گھنٹہ، یعنی تقریباً 654 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑایا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ہائیڈرو میکس میں دو ہائیڈروجن انجن نصب ہیں، جو مجموعی طور پر تقریباً 1600 ہارس پاور پیدا کرتے ہیں۔
اینڈی گرین کی نئی کامیابی نے ہائیڈروجن سے چلنے والی گاڑی کا تقریباً 20 سال پرانا عالمی ریکارڈ بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ 2004 میں اسی مقام پر ہائیڈروجن کمبسشن گاڑی نے 185.5 میل فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کی تھی، تاہم ہائیڈرو میکس نے اس ریکارڈ سے دگنی سے بھی زیادہ رفتار حاصل کرکے نیا سنگ میل قائم کردیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی مقام پر 20 سال قبل اسی کمپنی کی ڈیزل انجن سے چلنے والی ڈیزل میکس گاڑی نے بھی 350 میل فی گھنٹہ، یعنی 563 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔
آواز کی رفتار توڑنے کا اعزاز بھی اینڈی گرین کے پاس
اینڈی گرین اس سے قبل بھی موٹر اسپورٹس کی تاریخ میں اپنا نام درج کرا چکے ہیں۔1997 میں انہوں نے جیٹ انجن سے چلنے والی ٹرسٹ ایس ایس گاڑی کے ذریعے 763 میل فی گھنٹہ، یعنی تقریباً 1228 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کی تھی۔
اس کامیابی کے ساتھ وہ زمین پر گاڑی کے ذریعے آواز کی رفتار کا ساؤنڈ بیریئر توڑنے والے دنیا کے واحد انسان بن گئے تھے۔اب ہائیڈروجن سے چلنے والی گاڑی کے ذریعے نیا عالمی ریکارڈ قائم کرکے 64 سالہ اینڈی گرین نے ایک بار پھر رفتار کی دنیا میں اپنی صلاحیت کا لوہا منوا لیا ہے۔