نوجوانوں کیلئے لاکھوں روپے کا بلاسود قرض ؟ مکمل طریقہ سامنے آگیا

نوجوانوں کیلئے لاکھوں روپے کا بلاسود قرض ؟ مکمل طریقہ سامنے آگیا

نوجوانوں کیلئے بلا سود قرض حاصل کرنے کیلئے اب مشکل نہیں رہا ، پنجاب حکومت کا پرواز کارڈ اب بلاسود مالی معاونت فراہم کرے گا ۔

حکومتِ پنجاب نے بیرونِ ملک روزگار حاصل کرنے والے افراد کی مالی مشکلات کم کرنے کے لیے ’پرواز کارڈ‘ پروگرام متعارف کرادیا ہے، جس کے تحت اہل امیدواروں کو ویزا، میڈیکل، ایئر ٹکٹ اور دیگر ضروری اخراجات کے لیے بلاسود مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

اس پروگرام کا مقصد ایسے نوجوانوں  کی مدد کرنا ہے جنہیں بیرونِ ملک ملازمت تو مل چکی ہو لیکن مالی وسائل کی کمی کے باعث وہ ملازمت جوائن کرنے سے قاصر ہوں۔

قرض کی رقم کتنی ہوگی اور کہاں خرچ کی جاسکے گی؟

پرواز کارڈ کے تحت قرض کی رقم 3 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک ہوسکتی ہے،  یہ رقم ویزا فیس، میڈیکل اخراجات، پروٹیکٹوریٹ فیس، فضائی ٹکٹ، اسکل ویری فکیشن اور لائسنس یافتہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کی فیس جیسے ضروری اخراجات کے لیے استعمال کی جاسکتی ہے۔

پرواز کارڈ کے لیے کون افراد اہل ہوں گے؟

سرکاری معلومات کے مطابق درخواست دینے والے کا پنجاب کا مستقل رہائشی ہونا ضروری ہے،  اس کے علاوہ امیدوار کی عمر کم از کم 18 سال ہونی چاہیے اور اس کے پاس درست شناختی کارڈ بھی موجود ہو۔

یہ بھی پڑھیں :ایک کروڑ روپے تک قرض، اپنا گھر بنانے والوں کے لیے اہم خبر آگئی

درخواست گزار کے پاس کسی غیر ملکی آجر کی جانب سے ملازمت کا تصدیق شدہ آفر لیٹر بھی ہونا ضروری ہے۔ پروگرام کی ویب سائٹ کے مطابق ملازمت کی تنخواہ 5 ہزار سعودی ریال سے کم یا دیگر کرنسی میں اس کے مساوی ہونی چاہیے۔

پرواز کارڈ کے لیے درخواست کیسے دی جائے گی؟

اہل امیدوار پرواز کارڈ کے آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں ، جن افراد کے پاس پہلے سے بیرونِ ملک ملازمت کا آفر لیٹر موجود ہے، وہ براہِ راست درخواست دے سکتے ہیں یا رجسٹرڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر کے ذریعے آگے بڑھ سکتے ہیں۔

درخواست کے لیے کون سی دستاویزات درکار ہوں گی؟

درخواست کے دوران آفر لیٹر، میڈیکل سرٹیفکیٹ اور اسکل ویری فکیشن سے متعلق مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کرنا ہوں گی۔ PSDF درخواست کا جائزہ لینے کے بعد امیدوار کو اگلے مرحلے سے آگاہ کرے گا۔

قرض کی منظوری کے بعد کیا ہوگا؟

منظوری کے بعد بینک کے ذریعے قرض کی کارروائی مکمل کی جائے گی،  سرکاری طریقہ کار کے مطابق قرض کی منظور شدہ رقم کا ایک حصہ مخصوص مراحل مکمل ہونے کے بعد دستیاب ہوگا، جبکہ باقی رقم ویزا، ٹکٹ اور دیگر منظور شدہ اخراجات کی ادائیگی کے لیے استعمال کی جائے گی۔

4 لاکھ 50 ہزار ہنرمند نوجوانوں کو بیرونِ ملک روزگار کا ہدف

پرواز کارڈ اسکیم کے ذریعے پنجاب حکومت نے بیرونِ ملک روزگار کے خواہشمند افراد کے لیے مالی رکاوٹ کم کرنے پر توجہ دی ہے۔ PSDF اور بینک آف پنجاب کے معاہدے کے مطابق پروگرام کا ہدف 4 لاکھ 50 ہزار ہنرمند نوجوانوں کو بیرونِ ملک روزگار کے مواقع تک رسائی دینا ہے، جبکہ دو سال میں 45 ہزار افراد کو قرض فراہم کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

نوجوانوں کو کیا فائدہ ہوگا؟

حکام کے مطابق اس اقدام سے نوجوانوں کو قانونی اور محفوظ طریقے سے بیرونِ ملک ملازمت حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے،  ساتھ ہی، بیرونِ ملک پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر میں اضافے اور خاندانوں کی معاشی صورتحال بہتر بنانے کی بھی توقع کی جا رہی ہے۔

editor

Related Articles