بونیر میں پی ٹی آئی کی احتجاجی سیاست کا ایک اور گھناؤنا چہرہ، ایمبولینس کو راستہ نہ ملنے پر ماں کی آہ و بقا، ویڈیو وائرل

بونیر میں پی ٹی آئی کی احتجاجی سیاست کا ایک اور گھناؤنا چہرہ، ایمبولینس کو راستہ نہ ملنے پر ماں کی آہ و بقا، ویڈیو وائرل

خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر میں احتجاج کے باعث ٹریفک جام ہونے کے دوران ایک بے بس ماں اپنے بیمار بچے کو بروقت اسپتال پہنچانے کے لیے راستہ دینے کی التجا کرتی رہی۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون نے سر سے دوپٹہ اتار کر چیختے ہوئے ہجوم سے راستہ دینے کی اپیل کی، تاکہ وہ اپنے بیمار بچے کو بروقت اسپتال پہنچا سکے۔

یہ واقعہ خیبر پختونخوا میں احتجاج کے دوران سڑکیں بند ہونے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنے کے حوالے سے ایک بار پھر سوالات اٹھا رہا ہے۔ احتجاج ہر شہری کا حق ہے، تاہم ایسا احتجاج جس کے باعث کسی مریض، بچے یا ایمبولینس کی راہ رک جائے، انسانی ہمدردی کے تقاضوں کے منافی قرار دیا جا رہا ہے۔

سیاسی اختلاف اپنی جگہ، لیکن کسی ماں کو اپنے بچے کی زندگی بچانے کے لیے ہجوم کے سامنے گڑگڑانے پر مجبور ہونا انتہائی افسوسناک ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کے حکم پر عمران خان کو شفا ہسپتال منتقل کرنے کے انتظامات مکمل ، منتقلی کب ہوگی؟

خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی جانب سے سڑک بند احتجاج کی سیاست پر تنقید کرتے ہوئے کہا جا رہا ہے کہ اس طرز کے احتجاج سے عام شہریوں کی زندگی متاثر ہوتی ہے اور معمولاتِ زندگی مفلوج ہو جاتے ہیں۔

احتجاج سیاسی سرگرمی کا حصہ ضرور ہو سکتا ہے لیکن شہریوں کو مشکلات میں ڈالنے اور ہنگامی صورتحال میں ایمبولینس یا مریض کے لیے راستہ بند کرنے کا عمل قابلِ قبول نہیں ہونا چاہیے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ احتجاج کے دوران انسانی زندگی اور بنیادی شہری ضرورتوں کا خیال رکھا جائے۔ احتجاج ضرور کیا جائے، مگر ایمبولینس کو راستہ دیا جائے؛ سیاست ضرور کی جائے، مگر انسانیت کو پامال نہ کیا جائے۔ کوئی بھی سیاسی مقصد ایک معصوم انسان کی زندگی سے زیادہ اہم نہیں۔

Related Articles