عمران خان کی بنی گالہ منتقلی؟ اہم لیگی رہنما کا بڑا بیان سامنے آگیا

عمران خان کی بنی گالہ منتقلی؟ اہم لیگی رہنما کا  بڑا بیان سامنے آگیا

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر ناصر بٹ نے کہا ہے کہ حالیہ تمام صورتحال بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بنی گالہ منتقل کرنے کے لیے پیدا کی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بانی پی ٹی آئی نے بنی گالہ ہی جانا ہے تو وہ کھل کر پہلے ہی درخواست دے دیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر ناصر بٹ نے اے آر وائی نیوز کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اس بیان پر قائم ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے خلاف ایک بار پھر سازش ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اچانک اس نوعیت کا فیصلہ سامنے آنا بھی سازش کی جانب اشارہ کرتا ہے۔

ن لیگی سینیٹر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دور حکومت میں ملک صحیح سمت میں چل رہا تھا کہ پاناما کیس سامنے لایا گیا، اور جب اس معاملے میں کچھ نہ ملا تو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کے معمولی بہانے پر منتخب وزیراعظم کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

ناصر بٹ نے کہا کہ اس دور میں پی ٹی آئی کے دھرنوں کے پیچھے کون تھا، اس حوالے سے حقائق بھی اب سامنے آ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب بھی ملک بہتر ہونے لگتا ہے تو اس طرح کی چیزیں شروع ہو جاتی ہیں۔

سینیٹر ناصر بٹ نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کوئی کام جائز طریقے سے نہیں کرتے اور یہ تمام تر اقدامات جیل سے راستہ نکالنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اڈیالہ جیل کا ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ بھی کچھ عرصہ قبل پکڑا گیا تھا، جو اندر سے ملا ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی اسپتال منتقلی، حکومت کی نظرثانی درخواست اعتراض کے ساتھ واپس

ان کا کہنا تھا کہ تمام کاوشیں بانی پی ٹی آئی کو بنی گالہ منتقل کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی نے بنی گالہ ہی جانا ہے تو وہ اس کے لیے پہلے ہی کھل کر درخواست دے دیں۔

ناصر بٹ نے واضح کیا کہ کسی عام قیدی کو پرائیویٹ اسپتال منتقل نہیں کیا جا سکتا، تاہم سپریم کورٹ کے حکم پر من و عن عمل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت فیصلے کے خلاف نظرثانی اپیل دائر کی جا چکی ہے اور عدالت جو بھی فیصلہ کرے گی، اس پر عمل کیا جائے گا۔

ن لیگی سینیٹر نے کہا کہ حکومت نے بانی پی ٹی آئی کے علاج میں کبھی کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کچھ دن انتظار کیا جائے، کیونکہ نواز شریف کی حکومت کے خلاف سازش کرنے والے لوگ بہت جلد بے نقاب ہو جائیں گے۔

Related Articles