وزیر اعظم نے پنشنرز کو بڑی خوشخری سنا دی

وزیر اعظم نے پنشنرز کو بڑی خوشخری سنا دی

وزیراعظم شہباز شریف نے پنشنرز کے لیے پروف آف لائف کے جدید ڈیجیٹل نظام کا افتتاح کردیا جس کے بعد بزرگ اور معذور پنشنرز کو اپنی زندگی کی تصدیق کے لیے بار بار بینکوں کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے نئے نظام کو پنشنرز کے لیے ایک اہم سہولت قرار دیا اور کہا کہ حکومت ملکی ترقی اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پنشنرز کے لیے جدید پروف آف لائف نظام کا آغاز ایک بڑی خدمت ہے جس پر تمام متعلقہ ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے وزیر خزانہ اور ڈاکٹر توقیر کو بھی مبارکباد دی جبکہ چیئرمین نادرا کی جانب سے جدید نظام کی تیاری اور پیش رفت کو سراہا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بائیومیٹرک اور چہرے کی شناخت کے جدید تصدیقی نظام کا مقصد پنشنرز کے لیے زندگی کی تصدیق کے عمل کو آسان تیز اور قابلِ اعتماد بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان کے فیصلے کے بعد نواز شریف سیاست میں پھر متحرک،سرگرمیاں سامنے آ گئیں

انہوں نے کہا کہ نئے نظام سے بالخصوص بزرگ شہریوں اور معذور پنشنرز کو سہولت ملے گی، کیونکہ انہیں اپنی پنشن جاری رکھنے کے لیے تصدیق کے سلسلے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ جدید نظام کے ذریعے پنشنرز کے بینکوں کے بار بار چکر ختم ہوجائیں گے اور وہ زیادہ آسانی سے اپنی زندگی کی تصدیق کراسکیں گے۔

تقریب میں بتایا گیا کہ نادرا کی جانب سے جدید پنشن ایپ اور تصدیقی نظام بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ یہ سہولت پنشنرز کو ڈیجیٹل طریقے سے ’پروف آف لائف‘ مکمل کرنے میں مدد دے گی۔

حکومت کے مطابق نادرا کی جانب سے یہ جدید پنشن ایپ اور تصدیقی نظام مفت فراہم کیا گیا ہے، جس سے پنشنرز پر اضافی مالی بوجھ بھی نہیں پڑے گا۔

نئے نظام میں بائیومیٹرک تصدیق کے ساتھ ساتھ چہرے کی شناخت کی ٹیکنالوجی کو بھی استعمال کیا جائے گا، جس سے پنشنرز کی شناخت اور زندگی کی تصدیق کے عمل کو مزید آسان بنانے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس نظام کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی خدمت کی مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن کا اصل مقصد عام شہری کی زندگی آسان بنانا ہے، خصوصاً ایسے بزرگ شہریوں کے لیے جو جسمانی طور پر بینک یا متعلقہ دفاتر جانے میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔

انہوں نے جدید نظام کی تیاری میں کردار ادا کرنے والے تمام اداروں اور حکام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال سے مستقبل میں بھی عوام کو مزید سہولیات فراہم کی جائیں گی

Qaisar Mirza
editor

Related Articles