چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کو مثبت قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے ہی نکالا جاسکتا ہے اور ملک کو غیر یقینی صورتحال سے نکالنے کے لیے بات چیت ضروری ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت کی طرف سے مذاکرات کی پیشکش آنا اچھی بات ہے اگر وزیراعظم مذاکرات کے لیے عملی اقدامات کرتے ہیں تو یہ ایک مثبت پیش رفت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی مسائل کا حل سیاسی انداز میں ہی نکالا جاسکتا ہے مذاکرات کے ذریعے ملک کو موجودہ غیر یقینی صورتحال سے باہر لانے میں مدد مل سکتی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت اور ہسپتال منتقلی کے معاملے پر بھی گفتگو کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کردیا جائے گا اور اس حوالے سے مزید کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو ہسپتال منتقل کرنے کے مرحلے تک پہنچنے میں کافی وقت لگا اب امید ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کا مینڈیٹ بنیادی اہمیت رکھتا ہے اور عوام ہی فیصلہ کرتے ہیں کہ وہ کس سیاسی جماعت یا رہنما کو پسند کرتے اور ووٹ دیتے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی آئین کی بالادستی اور آزاد عدلیہ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ان کے مطابق ملک میں سیاسی استحکام کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو مذاکرات اور مکالمے کا راستہ اختیار کرنا چاہیے