فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بلوچستان کی اہم شخصیات اور سیاسی قیادت سے ملاقات

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بلوچستان کی اہم شخصیات اور سیاسی قیادت سے ملاقات

 فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کی اہم شخصیات اور سیاسی قیادت سے ملاقات کی، جس میں صوبے کی صورتحال، امن و استحکام، ترقی اور نوجوانوں کے مستقبل سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان اور پاکستان کا حال اور مستقبل ایک ہے اور ہمیشہ ایک رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان باصلاحیت، ثابت قدم، محب وطن اور اپنی شناخت پر فخر کرنے والے لوگوں سے مالا مال ہے۔

ترقی کے لیے امن ضروری

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ واضح قومی بیانیہ، پائیدار امن اور استحکام بلوچستان کی حقیقی معاشی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں،انہوں نے کہا کہ امن و استحکام سے صوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے اور بلوچستان کے وسیع انسانی و قدرتی وسائل کو عوام کی حقیقی خوشحالی میں تبدیل کیا جاسکے گا۔

نوجوانوں کو مواقع دینے پر زور

آرمی چیف نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں صلاحیت اور مواقع کی کوئی کمی نہیں، نوجوان معاشرے کا سب سے متحرک اور امید افزا طبقہ ہیں،انہوں نے زور دیا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور انہیں قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا پائیدار ترقی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

دشمن عناصر کے عزائم ناکام بنانے کا عزم

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان دشمن عناصر کے زیرِ سرپرستی کام کرنے والے پراکسی گروہ ہیں، جنہیں بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنے، ترقی کی راہ روکنے اور ریاست و عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم کے اجتماعی عزم اور ریاست کی پُرعزم، فیصلہ کن اور بھرپور کارروائی کے ذریعے دشمن کے ان عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔

منفی پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے پر زور

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کی اہم شخصیات اور معاشرتی رہنماؤں کے امن کے فروغ، سماجی ہم آہنگی کے استحکام اور مثبت قومی مکالمے کے لیے کردار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ دشمن کے پروپیگنڈے کا جامع اور بلاجھجھک مقابلہ کرنا ہوگا، جھوٹے بیانیوں کو بے نقاب کرنے کے ساتھ بلوچستان اور اس کے عوام کی حقیقی صلاحیت، ترقی اور امنگوں کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنا ضروری ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایرانی وزیر خارجہ کا رابطہ،سفارتی کوششیں آگے بڑھانے پر اتفاق

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کیا کہ بلوچستان کی تقدیر صرف بلوچستان کے عوام کے ہاتھوں میں ہے۔قیادت کا ریاست کے ساتھ کھڑے رہنے کا عزمملاقات میں شریک اہم شخصیات اور سیاسی رہنماؤں نے بلوچستان اور پاکستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے عزم کا اعادہ کیا۔

شرکا نے غیرملکی سرپرستی میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والی تمام کوششوں کے خلاف ریاست اور مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔

شرکا نے عوام پر مرکوز ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کو ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال صوبہ بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی، جہاں سچائی غالب ہو اور دشمن عناصر کا منفی پروپیگنڈا اپنی ہی جھوٹ اور جعل سازی کے بوجھ تلے دفن ہوجائے۔

editor

Related Articles