عائزہ خان سے علیحدگی کی خبریں، دانش تیمور کا دوٹوک جواب

عائزہ خان سے علیحدگی کی خبریں، دانش تیمور کا دوٹوک جواب

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی دانش تیمور اور عائزہ خان کی مبینہ علیحدگی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں نے کئی روز سے مداحوں کی توجہ حاصل کر رکھی تھی، تاہم اب دانش تیمور نے بھی ان افواہوں پر اپنا مؤقف واضح کردیا ہے۔

عائزہ خان پہلے ہی شوہر سے علیحدگی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے چکی ہیں، جبکہ دانش تیمور کی بھابھی سدرہ زاہد تیمور نے بھی دونوں کے درمیان اختلافات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں۔

اب ایک نجی ویب سائٹ کو دیے گئے بیان میں دانش تیمور نے کہا کہ عائزہ خان ان کی اہلیہ اور ان کے پیارے بچوں کی والدہ ہیں، جبکہ بعض لوگوں کو ان کی خوشی ہضم نہیں ہورہی۔ اداکار کا کہنا تھا کہ وہ اور عائزہ خوشحال ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں اور وہ ان دنوں اپنے پروجیکٹ میں دن رات مصروف ہیں، اس لیے ایسی فضول باتوں اور جھوٹی خبروں پر توجہ نہیں دیتے۔

یہ بھی پڑھیں:عائزہ خان نے دانش تیمور سے علیحدگی کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی

دوسری جانب عائزہ خان کی جانب سے حالیہ دنوں میں اپنے سوشل میڈیا انداز میں تبدیلی اور کچھ تصاویر شیئر کیے جانے کے بعد مداحوں نے مختلف قیاس آرائیاں شروع کردی تھیں۔

قیاس آرائیوں کو اس وقت مزید تقویت ملی جب عائزہ خان دانش تیمور کے ڈرامے کی سنیما پریمیئر تقریب میں نظر نہیں آئیں۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر یہ دعوے بھی سامنے آئے کہ عائزہ نے انسٹاگرام پر دانش تیمور کے ساتھ موجود بعض تصاویر ہٹا دی ہیں یا ان میں تبدیلی کی ہے۔

تاہم دانش تیمور کے تازہ بیان کے بعد دونوں کی مبینہ علیحدگی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی حقیقت واضح ہوگئی ہے، اور اداکار نے ایسی تمام قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا ہے۔

editor

Related Articles