خیبر پختونخوا کے عوام نے فیصلہ کرلیا کہ وہ مزید فتنہ الخوارج کا ساتھ نہیں دینگے ، گورنر فیصل کریم کنڈی

خیبر پختونخوا کے عوام نے فیصلہ کرلیا کہ وہ مزید فتنہ الخوارج کا ساتھ نہیں دینگے ، گورنر فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام صدارتی پروکلیمیشن کا خیر مقدم کرتے ہیں اور امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے خواہاں ہیں۔

تفصیلات  کے مطابق صوبے کے عوام کے نام ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا  کہ صوبے کے عوام نے فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ مزید فتنہ الخوارج کا ساتھ نہیں دیں گے اور سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ دہشت گردوں کے خلاف آخری دم تک لڑیں گے۔

فیصل کنڈی کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام انتشار اور بدامنی کے بجائے پُرامن اور خوشحال مستقبل چاہتے ہیں، عوام دیگر صوبوں کے ساتھ برادرانہ تعلقات اور باہمی تعاون کے خواہاں ہیں اور مشترکہ کوششوں اور باہمی تجربات سے صوبے میں ترقی و خوشحالی کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں  : سہیل آفریدی کا کھیل ختم ، کے پی کی عوام کو پی ٹی آئی کے عذاب سے نجات مبارک! ڈاکٹر فرحان ورک بے لاگ تبصرہ

ان کاکہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے امن پسند عوام دہشت گردی اور پُرتشدد کارروائیوں کی ہرگز حمایت نہیں کرتے ، گورنر  نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی قسم کی قانون شکنی، اشتعال انگیزی اور دنگا فساد سے اجتناب کریں۔

 انہوں نے خبردار کیا ہے کہ امن و امان خراب کرنے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں گزشتہ کچھ عرصے سے سیکیورٹی خدشات، امن و امان کی خراب صورتحال اور صوبائی انتظامیہ کی جانب سے آئینی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں حائل مشکلات پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا تھا ۔

انہی وجوہات کی بنا پر ایوانِ صدر اور وفاقی سطح پر اہم مشاورت کے بعد آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 کو فعال کرتے ہوئے صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کا حکم نامہ جاری کیا گیا۔ اس اقدام کے نتیجے میں جہاں پی ٹی آئی کا 13 سالہ طویل اقتدار اختتام پذیر ہوا، وہیں صوبے کی باگ ڈور اور انتظامی اختیارات بھی نئی حکمتِ عملی کے تحت منتقل کر دیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : تبدیلی کا فریب مک گیا ! خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت کا ڈرامہ ختم ، اپوزیشن جماعتوں کا اظہار اطمینان

دوسری جانب اس  تمام تر صورتحال کے دوران تحریک انصاف کے سینئر رہنما سہیل آفریدی اور جنید اکبر نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے خود کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کر دیا ہے،  دونوں رہنماؤں نے حفاظتی تحویل  پر ازخود اپنی گرفتاری پیش کی ہے۔

editor

Related Articles