پنجاب حکومت نے سڑکوں پر بڑھتے ہوئے حادثات کی روک تھام اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے بغیر سائیڈ ویو مررز اور اشاروں (انڈیکیٹرز) کے موٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔
موٹر وہیکل قانون میں ترمیم کی تیاری
میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق موٹرسائیکلوں میں حفاظتی سہولیات کو لازمی بنانے کے لیے موٹر وہیکل قانون میں ترامیم کی سمری تیار کر لی گئی ہے،حکام کا کہنا ہے کہ قانون میں تبدیلی کے بعد سائیڈ مررز اور اشاروں کے بغیر موٹرسائیکل چلانے والے افراد کو جرمانوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
موٹرسائیکل ڈیزائن میں تبدیلی کی تجویز
چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ ٹریفک پولیس نے موٹرسائیکل بنانے والی کمپنیوں کو بھی تجویز دی ہے کہ وہ اپنے ڈیزائن میں تبدیلی کریں تاکہ ہر موٹرسائیکل میں سائیڈ ویو مررز کی مستقل تنصیب یقینی بنائی جا سکے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق سائیڈ ویو مررز اور اشاروں کی عدم موجودگی سڑک حادثات کی اہم وجوہات میں شامل ہے، حکام نے موٹرسائیکل سواروں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کو تمام ضروری حفاظتی سہولیات سے مکمل رکھیں۔
عوامی آگاہی مہم کا آغاز
حکام کے مطابق پنجاب بھر میں شہریوں کو ٹریفک قوانین سے آگاہ کرنے اور محفوظ ڈرائیونگ کے فروغ کے لیے آگاہی مہمات اور ڈرائیور تربیتی پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے،ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد سڑکوں کو محفوظ بنانا اور حادثات کی شرح میں کمی لانا ہے۔