یوٹیوب استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ایک بڑی تبدیلی کی آزمائش جاری ہے، لیکن ابتدائی ردعمل نے کمپنی کے لیے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ نئے ڈیزائن میں ویڈیو پلیئر، کمنٹس سیکشن اور ریکومینڈڈ ویڈیوز کی جگہ تبدیل کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق یوٹیوب اپنے ڈیسک ٹاپ ورژن کے نئے ڈیزائن کو محدود صارفین پر آزما رہا ہے۔ اس تبدیلی کے تحت ویڈیو کی تفصیلات اور کمنٹس سیکشن کو اسکرین کے دائیں جانب ایک بڑے پینل میں منتقل کیا جائے گا، جبکہ ریکومینڈڈ ویڈیوز کو دائیں جانب دکھانے کے بجائے ویڈیو پلیئر کے نیچے جگہ دی جائے گی۔
نئے ڈیزائن میں ویڈیو کے نیچے بڑی بڑی تھمب نیل تصاویر دکھائی دیں گی، جن کے باعث ویڈیو پلیئر پہلے کے مقابلے میں چھوٹا محسوس ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ویڈیو ڈسکرپشن، کمنٹس اور دیگر انٹرایکٹو ٹیبز بھی دائیں جانب موجود ہوں گی۔
تاہم، اس تبدیلی کو آزمانے والے کئی صارفین نے منفی ردعمل دیا ہے۔ صارفین کی تنقید کی بڑی وجہ ویڈیو پلیئر کا چھوٹا ہونا اور اسکرین پر مختلف حصوں کی ترتیب میں تبدیلی ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں جب یوٹیوب نے ڈیسک ٹاپ انٹرفیس میں تبدیلی کا تجربہ کیا ہو۔ کمپنی نے 2024 میں بھی سائیڈ بار کے نئے ڈیزائن کی آزمائش کی تھی، لیکن اسے صارفین کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا اور بعد میں اس ڈیزائن کو واپس لے لیا گیا تھا۔
فی الحال یوٹیوب نے نئے ڈیزائن کے مستقل اجرا کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا۔ یہ واضح نہیں کہ کمپنی صارفین کے ردعمل کے بعد اس تبدیلی کو برقرار رکھے گی یا اس میں مزید ترمیم کرے گی۔
اب سوال یہ ہے کہ کیا یوٹیوب کا نیا ڈیزائن واقعی صارفین کے لیے سہولت پیدا کرے گا یا ویڈیو دیکھنے کے تجربے کو مزید مشکل بنا دے گا؟