23 سالہ خاتون پائلٹ نے طیارہ سمندر میں اتار کر لوگوں کو بچالیا، ویڈیو وائرل

23 سالہ خاتون پائلٹ نے طیارہ سمندر میں اتار کر لوگوں کو بچالیا، ویڈیو وائرل

امریکی ریاست فلوریڈا کے ساحل کے قریب 23 سالہ خاتون پائلٹ نے انجن میں خرابی کے بعد طیارے کو آبادی اور ساحل پر موجود لوگوں سے دور سمندر میں بحفاظت اتار لیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

23 سالہ فیتھ ٹینکلی اپنے خاندانی سنگل انجن طیارے میں فورٹ مائرز سے بہاماس جارہی تھیں جہاں انہیں اپنے والدین کو لینے جانا تھا۔ پرواز کے دوران طیارے میں خرابی پیدا ہوگئی جس کے باعث انہیں مقررہ سفر مکمل کرنے کے بجائے ہنگامی لینڈنگ کا فیصلہ کرنا پڑا۔

واقعے کے وقت ساحل پر خاصا رش تھا اور متعدد خاندان پکنک منانے کے لیے موجود تھے۔ فیتھ ٹینکلی نے طیارے کو بتدریج نیچے لاتے ہوئے ساحل کے قریب موجود عمارتوں اور لوگوں سے دور رکھا اور بالآخر اسے بحر اوقیانوس کے پانی میں اتار دیا۔

 یہ بھی پڑھیں :ایران کا بڑا فیصلہ ،آبنائے ہرمز میں جہازوں سے فیس وصول کرنے کی منظوری دیدی

طیارہ پانی میں اترنے کے بعد فیتھ ٹینکلی خود طیارے سے باہر نکلیں اور تیر کر ساحل کی جانب بحفاظت پہنچ گئیں۔ لائف گارڈز اور ہنگامی امدادی اہلکار بھی چند ہی منٹ میں موقع پر پہنچ گئے۔

ریسکیو ٹیم میں شامل عملے نے نوجوان پائلٹ کا معائنہ کیا اور تصدیق کی کہ انہیں کوئی چوٹ نہیں آئی۔ واقعے کے عینی شاہدین نے بتایا کہ وہ اچانک طیارے کو ساحل کے قریب سمندر کی جانب اترتے دیکھ کر حیران رہ گئے تھے۔

ایک خاتون عینی شاہد نے بتایا کہ وہ اپنے بچے کو سن اسکرین لگا رہی تھیں کہ اچانک ان کی نظر اوپر گئی اور طیارہ غیر معمولی انداز میں نیچے آتا دکھائی دیا۔

مقامی حکام نے نوجوان خاتون پائلٹ کی مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے طیارے کو ساحل پر موجود لوگوں سے دور رکھنے میں اہم کردار ادا کیا جس کے باعث ساحل پر موجود کسی شخص کو نقصان نہیں پہنچا۔

واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے غلطی سے یہ سمجھ لیا کہ طیارہ کسی مرد پائلٹ کے زیر کنٹرول تھا اور ساحل پر موجود ایک خاتون نے اسے بچایا۔ بعد میں فیتھ ٹینکلی نے خود اس غلط فہمی کی وضاحت کی۔

مقامی میڈیا کے مطابق فیتھ ٹینکلی نے طویل اسکرٹ کے نیچے تیراکی کا لباس پہن رکھا تھا۔ طیارے سے نکلنے کے بعد انہوں نے اسکرٹ اتار کر ساحل تک تیر کر جانے کا فیصلہ کیا۔ اس وجہ سے بعض عینی شاہدین نے انہیں ریسکیو کے لیے آنے والی سرفر خاتون سمجھ لیا۔

ساحل پر موجود ایک پائلٹ نے بھی فیتھ ٹینکلی کے اقدام کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہنگامی صورتحال میں پائلٹ کے لیے اہم ترین بات یہ ہوتی ہے کہ وہ طیارے کو آخری لمحے تک قابو میں رکھتے ہوئے اسے زمین پر اتارنے یا پانی میں لینڈ کرنے کی کوشش کرے۔

واقعے کے دوران فیتھ ٹینکلی نے طیارے کو ساحل پر موجود لوگوں اور عمارتوں سے دور رکھتے ہوئے سمندر میں اتارا جس کے باعث ساحل پر موجود کسی شخص کو نقصان نہیں پہنچا۔

editor

Related Articles