انگلینڈ کے دورے پر موجود قومی کرکٹ ٹیم کے بعض کھلاڑیوں نے ٹیسٹ کٹس کے معیار اور فٹنگ پر تحفظات کا اظہار کردیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی کھلاڑیوں کو فراہم کی گئی ٹیسٹ کٹس انگلینڈ کے سرد موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار نہیں کی گئیں۔ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ جرسیوں کا کپڑا نسبتاً پتلا ہے، بعض شرٹس کی فٹنگ بہت ٹائٹ ہے جبکہ کچھ کھلاڑیوں کو ان کے درست سائز کی کٹس بھی فراہم نہیں کی گئیں۔
لیڈز میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے دوران سرد ہواؤں کے باعث پاکستانی کھلاڑیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ صورتحال یہاں تک پہنچی کہ بعض کھلاڑیوں کو میچ کے دوران اونی سویٹرز پہننا پڑے، جن کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی گردش کرتی رہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں نے کٹس کے معیار، فٹنگ اور انگلینڈ کے موسم کے مطابق تیاری نہ کیے جانے پر تحفظات متعلقہ حکام تک پہنچائے ہیں۔ واضح رہے کہ ہیڈنگلے ٹیسٹ میں پاکستان کو تیسرے روز ہی اننگز اور 103 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 27 اگست سے لارڈز میں کھیلا جائے گا۔ دوسرے ٹیسٹ کے لیے قومی ٹیم میں بابر اعظم کی واپسی متوقع ہے، جبکہ محمد رضوان کو آرام دیے جانے کا امکان ہے۔ فاسٹ ٹریک کیے گئے نوجوان فاسٹ بولر عبید شاہ کو بھی دوسرے ٹیسٹ میں موقع دیے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔