عمران خان کی رہائی تحریک، پی ٹی آئی کا 20 لاکھ افراد اسلام آباد لانے کا منصوبہ

عمران خان کی رہائی تحریک، پی ٹی آئی کا 20 لاکھ افراد اسلام آباد لانے کا منصوبہ

پی ٹی آئی کی عمران خان کی رہائی کیلئے بڑی حکمت عملی سامنے آگئی ہے۔ خیبر پختونخوا کے وزیر نے انکشاف کیا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے عمران خان کی رہائی کی تحریک کے سلسلے میں اسلام آباد پر بڑا سیاسی دباؤ ڈالا جائے گا اور 20 لاکھ افراد کو اسلام آباد مارچ میں لانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کیا جائے گا  جس میں خیبر پختونخوا سے 20 لاکھ سے زائد افراد کو شامل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ حکومت کی بے سکونی 27 ستمبر کو نظر آئے گی۔ ان کے بقول اگر 20 لاکھ لوگ اسلام آباد پہنچ گئے تو حکومت ان کے خلاف تشدد نہیں کر سکے گی۔

شفیع جان نے کہا کہ پی ٹی آئی اسلام آباد مارچ کے لیے ہوم ورک مکمل کرچکی ہے اور جامع حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ 27 ستمبر کو نظام گرانے کے لیے اسلام آباد آ رہے ہیں۔

عمران خان کی شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقلی سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد نہ ہونے کے معاملے پر شفیع جان نے حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں کیا اور اس معاملے پر توہینِ عدالت کی مرتکب ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیر اعلی نے پولیس کیخلاف ڈنڈا اٹھا لیا ، آئی جی کو ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن

شفیع جان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی عدالت کے سامنے یہ معاملہ بھی رکھے گی کہ سپریم کورٹ کے حکم پر کس طرح عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کے بجائے پمز لے جایا گیا، جہاں ان کے مطابق صرف بلڈ پریشر چیک کیا گیا اور آنکھ کا ایک ٹیکہ لگایا گیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ شفا انٹرنیشنل اسپتال میں ڈاکٹر فیصل کو روک دیا گیا جبکہ عمران خان کو پمز منتقل کیا گیا، جہاں بعض طبی سہولیات اور مشینری کے حوالے سے بھی مسائل تھے۔

شفیع جان نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی گورننس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ وہ عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کے لیے سکیورٹی فراہم نہیں کرسکی۔ ان کے بقول پی ٹی آئی سپریم کورٹ میں ان تمام معاملات کو سامنے رکھے گی۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات خیبر پختونخوا نے کہا کہ پی ٹی آئی کی تحریک کا مقصد عمران خان کی رہائی کے لیے حکومت پر دباؤ بڑھانا ہے اور 27 ستمبر کا اسلام آباد مارچ اس حکمت عملی کا اہم مرحلہ ہوگا۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles