امریکا کی ایک اسٹارٹ اپ کمپنی ایک جدید مسافر طیارہ تیار کر رہی ہے، جو روایتی طیاروں سے مختلف ڈیزائن کی خاصیت رکھتا ہوگا۔
رپورٹس کے مطابق زیڈ4 نامی اس طیارے میں 250 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی اور یہ پانچ ہزار میل تک پرواز کر سکے گا۔
ریاست کیلیفورنیا میں قائم اسٹارٹ اپ جیٹ زیرو نے طیارے کی پہلی آزمائشی پرواز 2027 میں کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ، اس جدید طیارے کو بوئنگ جیسے بڑے طیارہ ساز اداروں کے مقابلے میں متعارف کرانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
زیڈ4 طیارے کی خاص بات اس کا ’بلینڈڈ وِنگ باڈی‘ ڈیزائن ہے جس میں طیارے کے مرکزی جسم اور پروں کو الگ رکھنے کے بجائے ایک ہموار ساخت میں ضم کر دیا گیا ہے اور اس کا مجموعی ڈیزائن اسٹنگ رے مچھلی سے مشابہت رکھتا ہے۔
فضائی صنعت میں اس منصوبے کو ایک نئے ڈیزائن کے حامل مسافر طیارے کی تیاری کے طور پر دیکھا جا رہا ہے تاہم، طیارے کی پہلی پرواز اور اس کی عملی صلاحیتوں کا اندازہ آزمائشی مراحل مکمل ہونے کے بعد ہی لگایا جا سکے گا۔