وزیراعلیٰ پنجاب ای بائیک اسکیم 2026 کے تحت طلبہ و طالبات کو الیکٹرک بائیک کی خریداری کے لیے بلاسود فنانسنگ، سرکاری سبسڈی اور آسان ماہانہ اقساط کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
اس اسکیم سے پنجاب بھر کے اہل سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم طلبہ و طالبات فائدہ اٹھا سکیں گے، درخواست دینے کے لیے امیدوار کی عمر کم از کم 16 سال ہونا ضروری ہے، جبکہ اس کے پاس درست ڈرائیونگ لائسنس یا لرنر پرمٹ اور کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (CNIC) ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
اسکیم کے لیے والدین یا قانونی سرپرست ضامن بن سکتے ہیں۔ درخواست میں درج موبائل نمبر بھی ضامن کے نام پر رجسٹرڈ ہونا ضروری ہوگا۔
طلبہ وزیراعلیٰ پنجاب ای بائیک اسکیم 2026 کے لیے 4 اکتوبر 2026 تک آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ درخواستیں سرکاری پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہیں۔
اسکیم کے تحت اہل طلبہ کو 72 وولٹ اور 30 ایمپیئر آور بیٹری سے لیس الیکٹرک بائیک فراہم کی جائے گی۔ بائیک میں 1,000 واٹ کی موٹر نصب ہوگی جبکہ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار تقریباً 50 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ بتائی گئی ہے۔
اسکیم میں شامل طلبہ و طالبات کو اسکوٹی چلانے کی تربیت بھی مفت فراہم کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے لاہور میں پانچ اسکوٹی ٹریننگ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، جن میں ابشر ڈرائیونگ اسکول لبرٹی ،خدمت مرکز گریٹر اقبال پارک ، ٹریفک پولیس لائنز مناواں اور ایل او ایس فیروز پور روڈ شامل ہیں۔
اسکوٹی ٹریننگ حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ کو اپنا شناختی کارڈ ساتھ لانا ہوگا۔
لاہور ٹریفک پولیس نے طلبہ کی سہولت کے لیے مذکورہ ٹریننگ سینٹرز میں اسکوٹی لائسنس کے اجرا کے لیے خصوصی کاؤنٹرز بھی مختص کیے ہیں، جس سے طلبہ کو تربیت کے ساتھ لائسنس کے حصول میں بھی آسانی ہوگی۔ اس کے علاوہ پروگرام میں حصہ لینے والے اہل طلبہ کو مفت ہیلمٹ اور حفاظتی سامان بھی فراہم کیا جائے گا۔
طلبہ اسکیم سے متعلق مزید معلومات حاصل کرنے اور آن لائن درخواست جمع کرانے کے لیے سرکاری پورٹل bikes.punjab.gov.pk استعمال کر سکتے ہیں