وفاقی حکومت کی جانب سے پنشن اخراجات میں کمی کیلئے اسکیم متعارف کروا دی گئی۔
وفاقی حکومت نے پنشن اخراجات میں کمی لانے کیلئے مالی سال 2024-25کے بجٹ میں اسکیم متعارف کروا دی۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر میں کہا کہ وفاقی حکومت پر کھربوں روپے کی ان فنڈڈ پنشن لائیبلٹی ہے اور پنشن کے اخراجات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ ان اخراجات میں اضافے کی شرح کو کم کرنے کی ضرور ت ہے اور حکومت نے اس شعبے کی اصلاح کیلئے حکمت عملی ترتیب دی ہے جس پر کافی حد تک مشاورت بھی ہوچکی ہے۔
مزید پڑھیں: سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافے کی منظوری
ان کا کہنا تھا کہ عالمی معیار کے مطابق موجودہ پنشن اسکیم میں اصلاحات لائی جائیں گی جس کی وجہ سے آئندہ سالو ں میں پنشن لائبلیٹی میں واضح کمی ہوگی۔اس کے علاوہ نئے ملازمین کے لیے کونٹریبیوٹری پینشن اسکیم متعارف کروائی جائے گی جس میں حکومت کا حصہ بھی ہر ماہ ادا کیا جائے گا۔ اس سے مستقبل کے ملازمین کی پنشن ان کی ملازمت کے آغاز سے ہی مکمل طور پر فنڈڈ ہوگی۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پنشن کی لائبلیٹی کو مینیج کرنے کے لیے پنشن فنڈ قائم کیا جائے گا۔

