دہشت گرد کہیں بھی چھپیں، بچ نہیں پائیں گے، وزیرستان میں خوارج کیخلاف آپریشن میں درجنوں ٹھکانے تباہ، متعدد جہنم واصل

دہشت گرد کہیں بھی چھپیں، بچ نہیں پائیں گے، وزیرستان میں خوارج کیخلاف آپریشن میں درجنوں ٹھکانے تباہ، متعدد جہنم واصل

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے جبکہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں فتنۃ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کی گئیں۔ سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 7 خارجی ہلاک ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے، جبکہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

یہ کارروائیاں عزمِ استحکام وژن کے تحت دہشت گردی کے خاتمے اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے جاری آپریشنز کا حصہ ہیں۔ خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنۃ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

شمالی وزیرستان میں کارروائی کے بعد صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے سیکیورٹی فورسز کی کامیابی کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا ایران پر حملہ کرے گا یا نہیں، ٹرمپ نے واضع اعلان کر دیا

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور مقامی سہولت کاروں کی سازشوں کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 7 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور خوارجیوں کو کسی بھی جگہ چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

شمالی وزیرستان میں ہونے والی یہ کارروائی خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں کا حصہ ہے، جہاں سیکیورٹی فورسز انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں کررہی ہیں۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles