دنیا بھر میں اپنی منفرد اداکاری اور بے مثال مزاح سے شہرت حاصل کرنے والے معروف برطانوی کامیڈین روون اٹکنسن، جنہیں دنیا ’مسٹر بین‘ کے نام سے جانتی ہے، تقریباً 40 سال بعد لندن کے ویسٹ اینڈ اسٹیج پر واپسی کے لیے تیار ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق روون اٹکنسن آئندہ سال لندن کے گیلیان لین تھیٹر میں پیش کیے جانے والے ایک خصوصی کامیڈی اسکیچ شو میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔ اس شو میں نیا مزاحیہ مواد پیش کرنے کے ساتھ ان کے مقبول کامیڈی خاکے بھی شامل ہوں گے۔
اس پروجیکٹ کی خاص بات یہ ہے کہ روون اٹکنسن اپنی مشہور کامیڈی سیریز ’بلیک ایڈر‘ کے سابق ساتھیوں کے ساتھ دوبارہ کام کریں گے۔ اس شو میں شریک مصنفین رچرڈ کرٹس اور بین ایلٹن بھی ان کے ساتھ ہوں گے، جبکہ موسیقی کی ذمہ داری معروف موسیقار ہاورڈ گوڈال سنبھالیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شو کے لیے مجموعی طور پر 30 پرفارمنسز شیڈول کی گئی ہیں، جو 8 فروری سے 13 مارچ تک لندن کے گیلیان لین تھیٹر میں پیش کی جائیں گی۔
روون اٹکنسن کی اسٹیج پر واپسی کی خبر نے ان کے مداحوں میں جوش و خروش پیدا کر دیا ہے۔ مسٹر بین کے کردار سے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کرنے والے اداکار کو ایک بار پھر براہِ راست پرفارم کرتے دیکھنا ان کے چاہنے والوں کے لیے ایک خاص موقع ہوگا۔