وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے ریاض اور ابہا ایئرپورٹس پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب کے خلاف حوثی ملیشیا کے بار بار ہونے والے حملوں میں شہریوں کی جانیں ضائع ہوئیں اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔
I strongly condemn the repeated terrorist attacks by the Houthi militia against the Kingdom of Saudi Arabia, including the targeting of King Khalid International Airport in Riyadh and Abha International Airport, which resulted in loss of lives and injuries to civilians.
وزیراعظم نے بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں تباہ کرنے پر سعودی مسلح افواج اور اتحادی اتحاد کی مستعدی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ معصوم جانوں کے تحفظ اور مملکت کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے ان کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان برادر ملک سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے، مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے اور اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے حالیہ فیصلوں کے مطابق سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ حوثی ملیشیا فوری طور پر سعودی عرب پر حملے بند کرے، پاکستان ہر خطرے کے مقابلے میں سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔
او آئی سی کی مذمت
علاوہ ازیں اسلامی تعاون تنظیم نے سعودی عرب کے کنگ خالد اور ابہا ایئرپورٹس پر حوثی حملوں کی مذمت کی ہے ، اوآئی سی نے سعودی عرب کی سلامتی و خودمختاری کے تحفظ کے اقدامات کی حمایت کا بھی اعلان کیا۔