وزیراعظم اور مولانا فضل الرحمان میں رابطہ، کیا بات ہوئی؟ اندر کی خبر سامنے آگئی

وزیراعظم اور مولانا فضل الرحمان میں رابطہ،  کیا بات ہوئی؟ اندر کی خبر سامنے آگئی

وزیراعظم شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، خیبرپختونخوا کے حالات اور پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس کے بعد رات گئے مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کیا گیا۔ گفتگو میں خیبرپختونخوا کی موجودہ صورتحال، پی ٹی آئی کے لانگ مارچ اور سیاسی معاملات کو افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنے کے امکانات پر بات چیت ہوئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے ایک بار پھر اپنے مؤقف کا اعادہ کیا کہ سیاسی اختلافات اور موجودہ مسائل کو مذاکرات اور افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ ان کا مؤقف تھا کہ سیاسی معاملات کو بات چیت کے ذریعے آگے بڑھانے کی کوشش کی جانی چاہیے تاکہ کشیدگی میں اضافہ نہ ہو۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا ایران پر حملہ کرے گا یا نہیں، ٹرمپ نے واضع اعلان کر دیا

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کے دوران مولانا فضل الرحمان کی سیاسی خدمات اور ان کے مفاہمانہ طرزِ سیاست کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا سیاسی کردار اور معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنے کا انداز ہمیشہ قابلِ قدر رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سیاسی مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے اور حکومت کی خواہش ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام برقرار رہے۔

ذرائع کے مطابق گفتگو میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ اور خیبرپختونخوا میں پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی بات ہوئی۔ اس موقع پر مؤقف اختیار کیا گیا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے لانگ مارچ پر اصرار اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات کے معاملے پر تعاون کی کمی کے باعث مسائل پیدا ہوئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ اب بھی وقت ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت اور اپوزیشن صورتحال کی سنگینی کو سمجھیں اور معاملات کو سلجھانے کے لیے سنجیدہ کردار ادا کریں۔

وزیراعظم کے مؤقف کے مطابق وفاقی حکومت اب بھی مذاکرات اور سیاسی حل کے لیے تیار ہے، تاہم سیاسی مسائل کے حل کے لیے ضروری ہے کہ وفاقی حکومت پر دباؤ ڈالنے یا اسلام آباد کی جانب پیش قدمی کرنے کے بجائے بات چیت کا راستہ اختیار کیا جائے۔

وزیراعظم اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب پی ٹی آئی کے لانگ مارچ اور خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال کے باعث وفاق اور اپوزیشن کے درمیان کشیدگی پر بات چیت جاری ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles