پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے اسلام آباد لانگ مارچ کے پیش نظر آئی جی خیبرپختونخوا نے صوبے کے تمام پولیس یونٹس، ریجنل پولیس افسران اور ضلعی پولیس افسران کو اہم مراسلہ جاری کردیا، جس میں سرکاری افسران اور اہلکاروں کو مارچ میں شرکت یا کسی قسم کی معاونت اور سہولت کاری سے روکنے سمیت اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
آئی جی خیبرپختونخوا پولیس کے دفتر سے جاری مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی سرکاری افسر یا اہلکار کو اسلام آباد کی جانب جانے والے کسی مارچ، ریلی یا جلوس میں مدد یا سہولت فراہم کرنے کے لیے کسی کے حکم کا پابند نہیں کیا جائے گا۔ اگر کسی افسر یا اہلکار کو اس نوعیت کا کوئی حکم دیا جائے تو وہ فوری طور پر متعلقہ چیف سیکریٹری، چیف کمشنر، آئی جی پولیس یا متعلقہ مجاز اتھارٹی کو آگاہ کرے گا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی مارچ، ریلی یا جلوس کے لیے سرکاری وسائل، عوامی فنڈز، سرکاری گاڑیاں، مشینری یا دیگر آلات براہ راست یا بالواسطہ طور پر استعمال، فراہم یا جمع نہیں کیے جائیں گے۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے تمام یونٹ سربراہان، آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی ہے کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور تمام ماتحت افسران و اہلکاروں کو بھی ان احکامات سے آگاہ کیا جائے۔
پولیس اہلکاروں پر مارچ میں شرکت کے لیے دباؤ نہیں ڈالا جاسکے گا
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی سرکاری ملازم کو اسلام آباد کی جانب جانے والی کسی مارچ، ریلی یا جلوس میں شرکت کے لیے مجبور، ترغیب یا کسی اور طریقے سے پابند نہیں کیا جائے گا۔
اسی طرح اگر کسی سرکاری افسر یا اہلکار پر سیاسی سرگرمی میں شرکت یا مارچ کو سہولت فراہم کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جاتا ہے تو اسے فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر محکمانہ کارروائی
آئی جی کے پی کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عدالتی احکامات یا ان سے متعلق جاری ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے سرکاری افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس حکام کو اس حوالے سے مؤثر نگرانی اور رابطہ نظام برقرار رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق کسی بھی قسم کے جبر یا دباؤ کی شکایت درج کرانے کے لیے پولیس ہیلپ لائن 080000400 اور آپریشنز برانچ کا لینڈ لائن نمبر 0919210457 چوبیس گھنٹے دستیاب رہے گا۔ مراسلے کی نقول متعلقہ اعلیٰ حکام کو بھی ارسال کی گئی ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں مراسلہ جاری
آئی جی خیبرپختونخوا کی جانب سے یہ مراسلہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 27 ستمبر کے مجوزہ پی ٹی آئی مارچ سے متعلق احکامات کی روشنی میں جاری کیا گیا ہے۔
عدالت نے قرار دیا تھا کہ کسی سیاسی جماعت یا عوامی عہدہ رکھنے والے شخص کو اسلام آباد کی سڑکیں، شاہراہیں یا دیگر عوامی مقامات اس انداز میں بند کرنے کا اختیار نہیں جس سے شہریوں کی آزادانہ آمدورفت، کاروبار، تعلیم، طبی سہولیات یا دیگر بنیادی معمولات متاثر ہوں۔
عدالت نے صوبائی حکومتوں کو سرکاری وسائل، فنڈز، گاڑیوں، مشینری اور دیگر سرکاری ذرائع کو سیاسی مارچ یا احتجاج کے لیے استعمال نہ ہونے دینے کی ہدایت بھی کی تھی۔
چیف سیکریٹری کے پی کا بھی الگ مراسلہ
دوسری جانب چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے بھی تمام انتظامی سیکریٹریز، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اداروں کے سربراہان کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے 27 ستمبر کے مارچ کے لیے سرکاری وسائل استعمال نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یوں آئی جی خیبرپختونخوا کے تازہ مراسلے کے بعد صوبے کے پولیس افسران اور اہلکاروں کے لیے یہ بات واضح کردی گئی ہے کہ وہ سرکاری حیثیت میں پی ٹی آئی کے اسلام آباد مارچ کی معاونت یا سہولت کاری کے لیے کسی سیاسی دباؤ یا حکم کے پابند نہیں ہوں گے، جبکہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں محکمانہ کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔