امریکی ریاستوں اوکلاہوما اور آرکنساس کی سرحد کے قریب ایک ماہر پائلٹ نے طیارے کی پرواز کو فن کا شاہکار بنا دیا اور تقریباً 3 گھنٹے تک فضا میں پرواز کرتے ہوئے لیونارڈو ڈا ونچی کی مشہور پینٹنگ مونا لیزا کا ڈیجیٹل اسکیچ تیار کردیا۔
پائلٹ نے سیسنا آر 182 طیارے کے ذریعے ایسی پرواز کی جس کا راستہ عام فضائی سفر کے بجائے ایک فن پارے کی شکل اختیار کرتا گیا۔ جی پی ایس ٹریکنگ اور فلائٹ پاتھ کو انتہائی مہارت سے موڑتے ہوئے پائلٹ نے آسمان میں ایسا راستہ بنایا کہ فلائٹ ٹریکنگ اسکرین پر مونا لیزا کا چہرہ، بال اور پورا خاکہ واضح ہوگیا۔
پائلٹ نے ریاست آرکنساس کے شہر بینٹن ویل سے پرواز شروع کی اور زیادہ تر وقت اوکلاہوما اور آرکنساس کی سرحدی حدود کے قریب تہلیکوا کے علاقے کے اوپر پرواز کرتا رہا۔ اس منفرد فضائی آرٹ کو مکمل کرنے میں تقریباً 3 گھنٹے لگے جبکہ پورا فلائٹ پاتھ تقریباً 35 میل کے علاقے پر محیط تھا۔
پائلٹ نے جی پی ایس پر پہلے سے تیار کیے گئے نقشے کے مطابق طیارے کو انتہائی احتیاط سے موڑا۔ فلائٹ پاتھ میں معمولی سی غلطی بھی مونا لیزا کے خاکے کو متاثر کرسکتی تھی۔ جب فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹس پر طیارے کا روٹ دیکھا گیا تو وہ ایک مکمل مونا لیزا کی تصویر کی شکل میں نظر آیا۔
اس منفرد فضائی فن نے سوشل میڈیا پر بھی لوگوں کی توجہ حاصل کرلی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹس پر 73 ہزار سے زائد افراد نے اس پرواز کو لائیو ٹریک کیا۔ پائلٹ کی اس منفرد کاوش نے ٹیکنالوجی، ہوا بازی اور فن کو ایک ہی تجربے میں جوڑ دیا، جس کے باعث مونا لیزا کا یہ فضائی اسکیچ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہا ہے۔