پاکستانی گلوکار عاصم اظہر نے سابقہ فرینڈ ہانیہ عامر کے ڈیبیو گانے ’پابلو‘ کی کھل کر تعریف کر دی، جس کے بعد دونوں کے درمیان دوبارہ محبت کی افواہوں نے ایک بار پھر مداحوں کی توجہ سمیٹ لی ہے۔
بی بی سی ایشین نیٹ ورک کو دیے گئے انٹرویو میں عاصم اظہر نے ’پابلو‘ کو ’بینگر‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہانیہ ایک بہترین فنکارہ ہیں اور انہیں بطور آرٹسٹ ایک نئے انداز میں دیکھنا بہت ہی دلچسپ ہے ، عاصم اظہر نے خاص طور پر گانے کے بولوں کو سراہا جو ہانیہ نے خود لکھے ہیں۔
گلوکار نے پاکستانی میوزک سننے والوں سے یہ بھی کہا کہ موسیقی کو مقابلے کے بجائے اظہار کا ذریعہ سمجھنا چاہیے اور ہر گانے کو ضرورت سے زیادہ تنقیدی انداز میں نہیں دیکھنا چاہیے بلکہ اس سے لطف اندوز ہونا چاہیے۔
عاصم اظہر نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ ہانیہ کا موسیقی کی دنیا میں قدم رکھنا پاکستان اور جنوبی ایشیا کی مزید لڑکیوں کو پاپ میوزک کی طرف آنے کی ترغیب دے گا۔
واضح رہے کہ عاصم اظہر اور ہانیہ عامر ماضی میں ایک دوسرے کے ساتھ تعلق میں رہ چکے ہیں ، حالیہ عرصے میں دونوں کی چند ملاقاتوں اور سوشل میڈیا سرگرمیوں کے بعد ان کے دوبارہ ساتھ ہونے کی افواہیں گردش کر رہی ہیں، تاہم دونوں نے تاحال اپنے تعلق کی تصدیق نہیں کی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی اداکارہ ہانیہ عامر کی گلوکار عاصم اظہر کے کانسرٹ میں شرکت پر خبروں کی زینت بنی تھیں ۔