امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف نے سمندر میں پاک بحریہ کی مختلف یونٹس اور کریکس ایریا کا دورہ کیا اور سی اسپارک 2026 بحری مشق کا جائزہ لیتے ہوئے آپریشنل تیاریوں کا معائنہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سی اسپارک 2026 یکم ستمبر سے جاری ہے، جس کے دوران مکمل بحری آپریشنز کی مشق کی جا رہی ہے،مشق میں پاک بحریہ کی جانب سے امن کی صورتحال سے جنگی آپریشنز کی جانب فوری منتقلی کی صلاحیت کو آزمایا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بدلتے ہوئے جنگی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سی اسپارک 2026 میں جدید آپریشنل تصورات شامل کیے گئے ہیں،مشق کے دوران انفارمیشن انوائرمنٹ میں آپریشنز کے ساتھ ساتھ ملٹی ڈومین آپریشنز کی بھی مشق کی جا رہی ہے۔
سی اسپارک 2026 میں بغیر پائلٹ نظاموں کا وسیع پیمانے پر استعمال بھی کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے پاک بحریہ کی مختلف نوعیت کے بحری آپریشنز کے لیے تیاریوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ مشق پاک بحریہ کی ہمہ جہت بحری آپریشنز کی تیاری اور مختلف حالات میں ردعمل کی صلاحیت جانچنے کا اہم ذریعہ ہے۔
امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف نے مشق میں شریک پاک بحریہ کے اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور بلند حوصلے کو سراہا،نیول چیف نے کہا کہ پاک بحریہ کے جوانوں کی آپریشنل تیاری اور عزم قابلِ تحسین ہے۔
امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف نے سمندر میں ناقابلِ تسخیر رہنے کے عزم پر پاک بحریہ کے اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے جذبے کو سراہا۔