تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے ایک تقریب سے خطاب میں دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ’لاشیں اٹھائیں گے اور نئے لوگ آئیں گے، میں آپ کو گواہ بناتا ہوں کہ ہم اسلام آباد کو سومنات بنائیں گے ‘ ایسے بیان کے بعد یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا لاشوں اور تصادم کی بات کرنے والا کوئی احتجاج واقعی پرامن لانگ مارچ قرار دیا جاسکتا ہے؟
پرامن مارچ یا تصادم؟
سیاسی احتجاج اور لانگ مارچ جمہوری سیاست کا حصہ ہیں، تاہم سوشل میڈیا صارفین اور عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ کسی احتجاج سے پہلے ہی ہلاکتوں اور شہر کو تباہ کرنے جیسی زبان استعمال کی جائے تو اس کے پرامن ہونے کسی صورت صورت گارنٹی نہیں دے جاسکتی ۔
جنید اکبر کے اس بیان کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی شدید ردعمل سامنے آیا اور صارفین نے سیاسی قیادت سے احتجاج کے دوران ذمہ دارانہ زبان استعمال کرنے کا مطالبہ کیا۔
سوشل میڈیا پر سخت ردعمل
سوشل میڈیا صارفین نے جنید اکبر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اگر کسی مارچ کے حوالے سے پہلے ہی ’لاشیں اٹھانے‘ کی بات کی جا رہی ہو تو اسے پرامن احتجاج کیسے قرار دیا جاسکتا ہے؟
سوشل میڈیا صارفین اور عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد میں کسی بھی ایسے احتجاج یا مارچ کی اجازت نہ دی جائے جس سے شہریوں کی جان و مال کو خطرہ لاحق ہونے کا خدشہ ہو۔
کارروائی کا مطالبہ
سوشل میڈیا پر صارفین نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ریاست کو ایسے بیانات کا نوٹس لینا چاہیے اور ایسے پر تشدد لوگوں کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی کی جائے۔


