پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بحری اور تجارتی شعبوں میں تعاون کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سعودی سرمایہ کاروں نے کراچی بندرگاہ کے مختلف ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری اور مشترکہ کاروباری شراکت داری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی پاکستانی مشترکہ کاروباری کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کی قیادت میں سعودی کاروباری شخصیات کے اعلیٰ سطح کے وفد نے کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کا دورہ کیا اور چیئرمین کے پی ٹی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بحری شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے، کراچی بندرگاہ کی ترقی اور اہم منصوبوں میں سعودی سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سعودی وفد کو کراچی بندرگاہ پر 140 ایکڑ اراضی پر محیط مجوزہ میری ٹائم بزنس ڈسٹرکٹ کے منصوبے اور اس میں دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
سعودی پاکستانی مشترکہ کاروباری کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے میری ٹائم بزنس ڈسٹرکٹ کے علاوہ گرین پورٹ، بندرگاہ کے ٹرمینلز کی توسیع اور منوڑہ شپ یارڈ کی ترقی کے منصوبوں میں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی۔
دورے کے دوران سعودی وفد کو کراچی بندرگاہ سے منسلک اہم مواصلاتی اور تجارتی منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا، جن میں ایم 10 پورٹ لنک، کے پی ٹی پپری فریٹ کوریڈور، ایم ایل ون ریلوے کنیکٹیویٹی اور ایسٹ و ویسٹ وارفز کو آپس میں ملانے والا کنیکٹیویٹی برج شامل ہیں۔
سعودی کاروباری وفد نے ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینلز (SAPT) کا بھی دورہ کیا، جہاں وفد کے ارکان نے جدید کارگو ہینڈلنگ سسٹم اور بندرگاہ پر دستیاب آپریشنل سہولیات کا عملی جائزہ لیا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے سعودی سرمایہ کاری اور مشترکہ کاروباری شراکت داری کے ذریعے کراچی بندرگاہ کے ترقیاتی منصوبوں کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر کراچی پورٹ ٹرسٹ کی انتظامیہ نے کراچی بندرگاہ کو خطے کے ایک مرکزی بحری اور لاجسٹکس مرکز میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔