حکومت نے ایل پی جی کی قیمت میں بڑا اضافہ کردیا، اوگرا نے اکتوبر کے لیے ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
اوگرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 20 روپے 68 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد 11.8 کلوگرام کے گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 244 روپے 14 پیسے کا اضافہ ہوگیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اضافے کے بعد 11.8 کلوگرام کے گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 3 ہزار 296 روپے 23 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔
اوگرا نے ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا تعین اکتوبر کے لیے کیا ہے۔
دوسری جانب سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے پائپ لائن پر مینٹیننس سرگرمی کے باعث ملتان کے مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کردیا۔
ایس این جی پی ایل کی جانب سے جاری پیغام کے مطابق کینال کراسنگ، میلسی ملتان میں پائپ لائن پر مینٹیننس کا کام کیا جائے گا، جس کے باعث جمعرات یکم اکتوبر کو صبح 6 بجے سے رات 9 بج کر 30 منٹ تک گیس کی فراہمی معطل رہے گی۔
گیس کی فراہمی جن علاقوں میں متاثر ہوگی ان میں ٹبہ سلطان پور، میتلا چوک ٹھٹھہ، صادق آباد، میلسی، دنیا پور، کرورپکا اور ملحقہ علاقے شامل ہیں۔
ایس این جی پی ایل کے مطابق گیس کی فراہمی مینٹیننس سرگرمی مکمل ہونے کے بعد بحال کردی جائے گی۔
واضح رہے کہ ایس این جی پی ایل اس سے قبل بھی مینٹیننس کے باعث پنجاب کے مختلف شہروں میں گیس کی فراہمی عارضی طور پر معطل کرنے کے اعلانات کرچکا ہے۔