وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے قیام کی 77ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور چین کے دیرینہ تعلقات کو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور قابل اعتماد دوستی کی علامت قرار دیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین دوستی نے ہر امتحان کا کامیابی سے سامنا کیا ہے، دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں اور ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔
پاک چین دوستی لازوال
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی وقت گزرنے کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہے۔ دونوں ممالک نے مشکل حالات میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا اور باہمی تعلقات مختلف ادوار کے چیلنجز کے باوجود قائم رہے،وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان چین دوستی نے زلزلوں، طوفانوں سمیت ہر مشکل کا کامیابی سے سامنا کیا اور باہمی تعلقات کی مضبوطی ثابت ہوئی۔
چین کی ثابت قدمی کو خراج تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے عظیم چینی قوم کی ثابت قدمی اور جذبے کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ چین نے اپنی محنت، عزم اور مسلسل جدوجہد کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا ہے،انہوں نے چین کے عوام اور قیادت کو چین کے قیام کی سالگرہ پر مبارکباد بھی پیش کی۔
عالمی امن میں چین کا کردار
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی امن اور استحکام میں چین اہم کردار ادا کررہا ہے،عالمی سطح پر امن، استحکام اور تعاون کے فروغ میں چین کی اہمیت نمایاں ہے۔
خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر قائم ہیں۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعاون کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا اور دونوں ممالک اپنے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام کرتے رہیں گے۔