نیو جرسی : طوفان کے بعد سڑکوں پر شارک کی موجودگی سے شہری حیران، ویڈیو وائرل

نیو جرسی : طوفان کے بعد سڑکوں پر شارک کی موجودگی سے شہری حیران، ویڈیو وائرل

امریکی ریاست نیو جرسی کے ایک ساحلی علاقے میں ہولناک سمندری طوفان کے بعد شہری اس وقت حیران رہ گئے جب انہوں نے گلیوں میں گاڑیوں کی جگہ ایک شارک کو تیرتے دیکھا۔

یہ منظر ڈریو پروکاسینو نامی رہائشی نے  سرف سٹی کے علاقے میں اپنے موبائل فون سے ریکارڈ کیا،  ان کی ویڈیو میں پانی سے بھری سڑک پر شارک کا پَر صاف اوپر اٹھتا دکھائی دیتا ہے،  وہ اسی راستے پر آگے بڑھ رہی تھی جہاں عام دنوں میں گاڑیاں گزرتی ہیں۔

ڈرائیو وے سے سمندر کی طرف پیش قدمی کرتے شارک کی ویڈیو بنانے والے شہری کے مطابق شارک تیرتے ہوئے ایک گھر کے گیراج میں غائب ہوئی اور پھر وہاں سے قریبی بارنیگیٹ بے کی سمت چلی گئی۔

ماہرینِ حیاتیات اور وائلڈ لائف ماہرین نے ویڈیو کا جائزہ لیا اور بتایا کہ یہ “اسموتھ ڈاگ فش” نسل کی شارک تھی ، ان کے مطابق طوفان کی تیز لہروں اور سمندری پانی کے چڑھاؤ نے اسے ساحلی حدود سے نکال کر رہائشی علاقے کی سڑکوں تک پہنچا دیا۔

اس نسل کی شارک عموماً چھوٹی ہوتی ہے اور انسانوں کے لیے خطرناک نہیں سمجھی جاتی، تاہم اتنی غیر معمولی جگہ پر اس کی موجودگی دیکھنے والوں کے لیے کسی صدمے سے کم نہ تھی۔

یہ بھی پڑھیں : دنیا کے سب سے شور مچانے والے پرندے کون سے ہیں؟ نئی تحقیق میں دو نام سامنے آ گئے

یہ واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ سمندری طوفان صرف ہواؤں اور بارش تک محدود نہیں رہتے،  ان کے ساتھ آنے والا سیلابی ریلا سمندری مخلوق کو بھی آبادیوں میں دھکیل سکتا ہے ، اسی لیے ماہرین ساحلی علاقوں کے مکینوں کو مشورہ دیتے ہیں کہ طوفان کے بعد سیلابی پانی میں اترنے سے گریز کریں۔ پانی کے نیچے بجلی کی تاریں، ٹوٹا ہوا ملبہ اور دیگر خطرات چھپے ہو سکتے ہیں، اور کبھی کبھار سمندری جانور بھی۔

editor

Related Articles