دنیا کے سب سے شور مچانے والے پرندے کون سے ہیں؟ نئی تحقیق میں دو نام سامنے آ گئے

دنیا کے سب سے شور مچانے والے پرندے کون سے ہیں؟ نئی تحقیق میں دو نام سامنے آ گئے

جنگل میں پرندوں کی چہچہاہٹ عموماً سکون کی علامت سمجھی جاتی ہے، لیکن کچھ پرندے ایسے بھی ہیں جن کی آواز سکون نہیں، کان کے پردے ہلا دیتی ہے ،  ایک نئی سائنسی تحقیق میں دو ایسے پرندوں کی نشاندہی ہوئی ہے جن کی آواز 120 ڈیسیبل سے بھی بلند ریکارڈ کی گئی، یعنی تقریباً جیک ہیمر مشین جتنی تیز۔

 امریکی نشریاتی ادارے سی این این  کی رپورٹ کے مطابق اس نتیجے نے خود سائنس دانوں کو بھی چونکا دیا ہے۔

تحقیق کہاں اور کیسے ہوئی؟

امریکا کی یونیورسٹی آف میساچوسٹس ایمہرسٹ کے محققین نے 123 مختلف اقسام کے پرندوں کی آوازوں کا جائزہ لیا ،  یہ کام امریکا اور برازیل میں 2018 سے 2025 کے درمیان کیا گیا۔ اتنے طویل عرصے کی محنت کے بعد دو پرندے سب سے الگ نظر آئے ،  بیئر تھروٹڈ بیل برڈ اور ریڈ لیگڈ سیریما۔

بیل برڈ کی آواز کتنی بلند نکلی؟

بیئر تھروٹڈ بیل برڈ کی آواز 122.4 ڈیسیبل تک پہنچی، جبکہ بعض پیمائشوں میں یہ تقریباً 131 ڈیسیبل تک بھی ریکارڈ ہوئی ،  یہ اتنی شدت ہے کہ روزمرہ زندگی میں اس کا قریب ترین موازنہ جیک ہیمر ہی سے کیا جا سکتا ہے۔

 سب سے بلند آواز کس کی؟

اس سوال کا سیدھا جواب سائنس دانوں کے پاس بھی نہیں ، ان کے مطابق نتیجہ اس پر منحصر ہے کہ آواز کو ناپا کیسے جائے ،  اگر کسی ایک پرندے کی سب سے اونچی آواز دیکھی جائے تو بیئر تھروٹڈ بیل برڈ آگے نکل جاتا ہے لیکن مختلف پرندوں کی بلند ترین آوازوں کی اوسط لی جائے تو ریڈ لیگڈ سیریما بھی اس دوڑ میں شامل رہتا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے 2019 میں وائٹ بیل برڈ کو دنیا کا سب سے بلند آواز پرندہ قرار دیا گیا تھا۔ اس کی آواز تقریباً 125 ڈیسیبل تک ریکارڈ ہوئی اور اسے گنیز ورلڈ ریکارڈز میں بھی جگہ ملی۔ اب اس فہرست میں دو نئے مضبوط دعوے دار آ گئے ہیں۔

جنگل میں آواز ناپنا آسان کیوں نہیں؟

محققین کے مطابق جنگل میں پرندے کی آواز کی درست شدت معلوم کرنا بڑا مشکل کام ہے، کیونکہ اس کے لیے پرندے اور ریکارڈنگ آلے کے درمیان فاصلہ ٹھیک معلوم ہونا ضروری ہے۔ اکثر پرندے کی آواز تو آتی ہے مگر وہ گھنے پتوں میں چھپا رہتا ہے، اور قریب جانے پر یا تو اڑ جاتا ہے یا گانا بند کر دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :کامیابی کا پیمانہ قد نہیں، حوصلہ ہے ! خاتون فائر فائٹر نے عالمی ریکارڈ بنا لیا

اس مسئلے کا حل ٹیم نے دلچسپ طریقے سے نکالا ، انہوں نے لیزر رینج فائنڈر استعمال کیے، جو عام طور پر گولف میں فاصلہ ناپنے کے کام آتے ہیں ،  یوں وہ ایک ہی وقت میں آواز کی شدت اور پرندے سے فاصلہ دونوں ریکارڈ کرنے میں کامیاب ہوئے۔

چھوٹے پرندے اتنی تیز آواز کیسے نکالتے ہیں؟

تحقیق میں دیکھا گیا کہ عموماً بڑے جسم اور چوڑی چونچ والے پرندے زیادہ بلند آواز نکالتے ہیں۔ سائنس دانوں کے مطابق بڑے پرندوں کے پٹھے زیادہ طاقتور ہوتے ہیں، اس لیے وہ آواز کو زیادہ زور سے پیدا کر سکتے ہیں، اور چوڑی چونچ اس توانائی کو باہر پہنچانے میں مدد دیتی ہے۔

تاہم ایک بات اب بھی معمہ لگتی ہے کیونکہ کچھ پرندے اپنے سے کئی گنا بڑے جانوروں، جیسے ہاتھی، شیر اور بائسن، سے بھی زیادہ اونچی آواز نکال لیتے ہیں ،  ماہرین کا خیال ہے کہ اس کے پیچھے کوئی اور راز بھی ہو سکتا ہے، جسے سمجھنے کے لیے مزید تحقیق درکار ہے۔

editor

Related Articles