گوگل نے نیا اے آئی ماڈل جیمنائی آراگون متعارف کرا دیا

گوگل نے نیا اے آئی ماڈل جیمنائی آراگون متعارف کرا دیا

گوگل کی سرپرست کمپنی الفابیٹ نے اپنا نیا مصنوعی ذہانت کا ماڈل ’جیمنائی 4 آراگون‘ متعارف کرا دیا ہے جسے کمپنی نے اب تک کا طاقتور ترین اے آئی ماڈل قرار دیا ہے۔

کمپنی کے مطابق جیمنائی 4 آراگون کو مختلف نوعیت کے پیچیدہ کام انجام دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے، جن میں کوڈنگ، تحقیق اور تحریر سمیت متعدد شعبے شامل ہیں۔

گوگل کے مطابق نئے اے آئی ماڈل کی سب سے نمایاں خصوصیت سائبر سکیورٹی میں اس کی صلاحیت ہے۔ تاہم، فی الحال جیمنائی 4 آراگون کو کمپنی کے محدود سائبر پارٹنرز کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔

گوگل نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ اس اے آئی ماڈل کو دفاعی سائبر ورک پر کام کرنے کے لیے تربیت دی گئی ہے اور یہ خودکار طور پر سافٹ ویئر کی کمزوریوں کی نشاندہی کرنے اور انہیں دور کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں گوگل کے دفتر کے قیام کے بعد صارفین کی پرائیویسی پر تشویش

کمپنی کے مطابق جیمنائی 4 آراگون کو کوڈنگ کے لیے بھی مؤثر قرار دیا گیا ہے، جبکہ گوگل کا عملہ اسے روزمرہ کے کاموں، جن میں ڈی بگنگ اور کوڈ بیس مائیگریشنز شامل ہیں، کے لیے استعمال کر رہا ہے۔

بلاگ پوسٹ کے مطابق نیا اے آئی ماڈل پیچیدہ اور طویل نوعیت کے کام انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس سے کام کرنے کے روایتی طریقوں میں تبدیلی متوقع ہے۔

گوگل کی جانب سے جیمنائی 4 آراگون کا اجرا ایسے وقت میں ہوا ہے جب مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے درمیان مسابقت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ ماضی میں اے آئی کی دوڑ میں گوگل کو دیگر کمپنیوں کے مقابلے میں پیچھے سمجھا جاتا تھا، تاہم جیمنائی کی ترقی کے ساتھ کمپنی کی پوزیشن میں تیزی سے بہتری آئی ہے۔

اگست میں گوگل نے اعلان کیا تھا کہ جیمنائی استعمال کرنے والے افراد کی تعداد ایک ارب سے تجاوز کر گئی ہے۔

Related Articles