انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے تمام فارمیٹس کی پلیئنگ کنڈیشنز میں اہم تبدیلیاں کردی ہیں، نئی پلیئنگ کنڈیشنز یکم اکتوبر سے شروع ہونے والی تمام انٹرنیشنل سیریز میں نافذ ہوں گی۔
بیٹرز کو جرمانہ
وقت ضائع کرنے والے بیٹرز کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، بیٹر کی تیسری خلاف ورزی پر فیلڈنگ کرنے والی ٹیم کو 5 پینلٹی رنز دیے جائیں گے۔
گیند کی نئی حدود
خواتین کی انٹرنیشنل کرکٹ میں استعمال ہونے والی گیند کے سائز اور وزن کے لیے نئی حدود مقرر کردی گئی ہیں، مردوں، خواتین اور جونیئر کرکٹ کے لیے گیند کے سائز اور وزن کی الگ الگ وضاحتیں بھی طے کردی گئی ہیں۔
اوور تھرو کا قانون
اوور تھرو سے متعلق قانون میں موجود ابہام بھی ختم کردیا گیا ہے، اب اسٹمپس کی جانب رنز روکنے یا رن آؤٹ کی کوشش کے دوران گیند پھینکنے کو اوور تھرو تصور کیا جائے گا۔
گیند پر مکمل کنٹرول
رن آؤٹ یا اسٹمپنگ کے لیے فیلڈر کا گیند پر مکمل کنٹرول ہونا ضروری قرار دیا گیا ہے، جس سے ایسے مواقع پر فیصلوں میں مزید وضاحت پیدا ہوگی۔
ڈے ٹیسٹ میچز میں خراب روشنی کے باعث کھیل ضائع ہونے کا وقت کم کرنے کے لیے پنک بال کے استعمال کا تجرباتی فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
دونوں ٹیموں کی رضامندی
پنک بال استعمال کرنے کے لیے میچ شروع ہونے سے قبل دونوں ٹیموں کا اتفاق ضروری ہوگا، ایک مرتبہ پنک بال کے استعمال پر اتفاق ہوجانے کے بعد میچ کے دوران فیصلہ تبدیل نہیں کیا جاسکے گا۔
ریڈ بال سے تبدیلی نہیں
میچ شروع ہونے کے بعد ریڈ بال سے پنک بال پر منتقل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی،دن کے آخری اوور میں وکٹ گرنے کی صورت میں لازمی طور پر دن کا کھیل ختم نہیں ہوگا، یعنی مقررہ وقت تک کھیل جاری رکھا جاسکے گا،ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اب 15 منٹ کا مقررہ وقفہ ہوگا، جبکہ نئی پلیئنگ کنڈیشنز کے تحت مختلف قوانین اور شرائط میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔