بالی وڈ اداکار اجے دیوگن کی فلم ’دریشم 3‘ دیکھنے کے بعد ایک شخص پر اپنے والد کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے کا الزام سامنے آیا ہے۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم شیو شنکر سورت میں کام کرتا تھا۔ فلم دیکھنے کے بعد اس نے موبائل فون بند کیا اور تقریباً 2000 کلومیٹر کا سفر طے کرکے بہار کے ضلع سمستی پور میں واقع اپنے گاؤں پہنچا۔
پولیس کے مطابق شیو شنکر رات کے وقت گھر کے پچھلے دروازے سے داخل ہوا اور سوئے ہوئے اپنے والد رگھوویر ساہنی پر کلہاڑی سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ان کی موت ہوگئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے بعد ملزم واپس سورت روانہ ہوگیا اور اسے یقین تھا کہ موبائل فون بند رکھنے کی وجہ سے پولیس اس تک نہیں پہنچ سکے گی۔
ایک فون کال نے منصوبہ ناکام بنا دیا
میڈیا رپورٹس کے مطابق واپسی کے دوران پٹوری ریلوے اسٹیشن پر شیو شنکر نے اپنا موبائل فون آن کیا اور اپنی اہلیہ کو کال کی۔پولیس نے مبینہ طور پر اسی کال کی مدد سے ملزم تک رسائی حاصل کی۔ تفتیش کے دوران پولیس نے اس کی موبائل لوکیشن بھی چیک کی، جو قتل کے روز پٹوری ریلوے اسٹیشن پر موجودگی ظاہر کر رہی تھی۔پولیس کے مطابق ملزم اپنے والد کی آخری رسومات میں بھی شریک نہیں ہوا، جس سے تفتیش مزید آگے بڑھی۔
زمین کے تنازع کا بھی انکشاف
پولیس نے شیو شنکر کو سورت سے گرفتار کرلیا۔ تفتیش کے دوران ملزم نے مبینہ طور پر اعتراف کیا کہ اس نے فلم ’دریشم 3‘ میں دکھائے گئے طریقے سے متاثر ہو کر قتل کی منصوبہ بندی کی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق شیو شنکر اور اس کے والد کے درمیان زمین کے معاملے پر پہلے سے تنازع چل رہا تھا۔ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔


