متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کو بلدیاتی اختیارات نہ دینے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم میں بلدیاتی حکومتوں کو اختیارات دینے سے متعلق ایم کیو ایم کی تجویز پیپلز پارٹی نے مسترد کردی تھی۔
گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزیراعظم، مسلم لیگ (ن) اور دیگر جماعتیں ہماری تجویز کے لیے تیار تھیں، تاہم پیپلز پارٹی نے ہماری ترمیم بلڈوز کردی انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی گزشتہ 18 سال سے سندھ میں حکمرانی کر رہی ہے، اس دوران صوبے کے ساتھ کیا سلوک کیا گیا، یہ سب کے سامنے ہے۔ دنیا چاند پر جا رہی ہے جبکہ کراچی سے آج بھی ایسی خبریں سامنے آتی ہیں کہ کوئی بچہ گٹر میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔
مصطفیٰ کمال نے سندھ حکومت کے ترقیاتی اخراجات پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ صوبے میں 18 سال سے ایک ہی جماعت کی حکومت ہے اور اس عرصے میں 22 ہزار ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں، لیکن کراچی کے بنیادی شہری مسائل بدستور موجود ہیں۔ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ پہلے کراچی ایک ضلع تھا، لیکن اب اسے سات اضلاع میں تقسیم کردیا گیا ہے۔ شہر کی انتظامی تقسیم کے باوجود شہری مسائل حل نہیں ہوسکے۔
انہوں نے بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ جب تک مقامی حکومتوں کو مالی اور انتظامی اختیارات نہیں دیے جائیں گے، شہروں کے بنیادی مسائل کا مستقل حل ممکن نہیں ہوگا۔
