پاکستان نے بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود کی بندش میں مزید ایک ماہ کی توسیع کرتے ہوئے پابندی 24 دسمبر 2026 تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا، جس کے باعث بھارتی فضائی کمپنیوں کو طویل متبادل راستوں اور اضافی اخراجات کا سامنا جاری رہے گا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کی جانب سے جمعرات، 19 نومبر کو جاری کردہ نئے نوٹس ٹو ایئرمین (نوٹم) کے مطابق بھارتی طیاروں کے لیے پاکستانی فضائی حدود 24 دسمبر 2026 کی صبح 4 بج کر 59 منٹ تک بند رہیں گی۔
نئے نوٹم کے تحت بھارت میں رجسٹرڈ تمام تجارتی، مسافر اور فوجی طیاروں پر پابندی بدستور نافذ رہے گی۔ اس پابندی کا اطلاق بھارتی فضائی کمپنیوں اور آپریٹرز کی ملکیت، زیرِ استعمال یا لیز پر حاصل کیے گئے طیاروں پر بھی ہوگا۔
پابندی میں تازہ توسیع کے بعد بھارتی ایئرلائنز کراچی اور لاہور کے فلائٹ انفارمیشن ریجنز سمیت پاکستان کی فضائی حدود استعمال نہیں کرسکیں گی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے 23 اپریل 2025 کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے مہلک حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھنے پر بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کردی تھیں۔
بعدازاں مئی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی فوجی تصادم میں تبدیل ہوگئی تھی۔ دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے طیاروں پر فضائی حدود استعمال کرنے کی پابندیاں بھی عائد کیں، جبکہ بھارت نے پاکستانی طیاروں اور فضائی کمپنیوں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کردیں۔
پاکستانی فضائی حدود کی مسلسل بندش کے باعث بھارتی فضائی کمپنیوں کی بین الاقوامی پروازیں، خصوصاً یورپ، مشرقِ وسطیٰ اور شمالی امریکا جانے والی پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔
بھارتی ایئرلائنز کو متبادل اور طویل فضائی راستے اختیار کرنا پڑ رہے ہیں، جس سے پروازوں کے دورانیے، ایندھن کی کھپت اور آپریشنل اخراجات میں اضافہ ہوا ہے۔
اس سے قبل ایئر انڈیا نے تخمینہ ظاہر کیا تھا کہ پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے باعث اس کے سالانہ قبل از ٹیکس منافع پر تقریباً 45 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک کا اثر پڑسکتا ہے۔
پاکستان کی جانب سے پابندی میں مزید ایک ماہ کی توسیع کے بعد بھارتی فضائی کمپنیوں کو متبادل راستوں کے استعمال اور اضافی آپریشنل اخراجات کا سامنا بدستور جاری رہے گا۔