بلاول کے بیان کے بعد اہم سیاسی رابطہ،صدروزیراعظم ملاقات، نئےصوبوں پر سیاسی منظرنامہ بدلنے کےاشارے

بلاول کے بیان کے بعد اہم سیاسی رابطہ،صدروزیراعظم ملاقات، نئےصوبوں پر سیاسی منظرنامہ بدلنے کےاشارے

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے نئے صوبوں سے متعلق سخت بیان کے بعد ملکی سیاسی منظرنامے میں اہم تبدیلی کے اشارے سامنے آنے لگے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری کے درمیان اہم ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، نئے صوبوں کے قیام اور باہمی مشاورت سے معاملات حل کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور صدر مملکت کی ملاقات میں بلاول بھٹو کے حالیہ بیان کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔ اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر زرداری کو بلاول بھٹو کی بیان بازی پر حکومتی حلقوں کی تشویش سے آگاہ کیا گیا، جس پر صدر مملکت نے مبینہ طور پر وضاحت کی کہ بلاول کے بیانات پیپلز پارٹی کی باضابطہ پالیسی کی عکاسی نہیں کرتے اور انہیں غیر ذمہ دارانہ قرار دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر بات چیت آگے بڑھانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ ان کا مؤقف بتایا جاتا ہے کہ نئے صوبوں کے معاملے کو سیاسی تصادم کے بجائے مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے آگے بڑھایا جانا چاہیے، تاہم اس معاملے پر پیپلز پارٹی کے سیاسی تحفظات اور مطالبات بھی اہمیت رکھتے ہیں۔

دوسری جانب ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری کی ملاقات میں ملکی سیاسی اور علاقائی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں تمام معاملات بات چیت اور باہمی مشاورت سے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اہم قومی معاملات پر مل بیٹھ کر اتفاق رائے پیدا کیا جائے گا۔

ملاقات میں ماضی کی آئینی ترامیم کا حوالہ بھی دیا گیا، جنہیں اتحادی جماعتوں کی باہمی مشاورت سے منظور کیا گیا تھا۔ اس موقع پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آئندہ بھی اہم قومی اور سیاسی معاملات میں مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے گا۔

سیاسی حلقوں میں اس ملاقات کو بلاول بھٹو کے حالیہ بیان کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ ایک مرتبہ پھر سیاسی بحث کا مرکز بن گیا ہے، جبکہ صدر زرداری کی جانب سے مذاکرات آگے بڑھانے کی مبینہ یقین دہانی کو اس معاملے میں ممکنہ پیش رفت کے اشارے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

تاہم نئے صوبوں کے قیام، پیپلز پارٹی کے تحفظات اور اس حوالے سے کسی ممکنہ سیاسی سمجھوتے پر تاحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔

editor

Related Articles