ایمازون کا نیا قدم، پہلی بار اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ ٹیبلٹس متعارف

ایمازون کا نیا قدم، پہلی بار اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ ٹیبلٹس متعارف

معروف ٹیکنالوجی کمپنی ’ایمازون‘ نے پہلی بار ایسے ٹیبلٹس متعارف کرا دیے ہیں جو ’گوگل‘ کے ’اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم‘ پر چلیں گے اور ان میں کمپنی کا جدید اے آئی وائس اسسٹنٹ ’الیکسا پلس‘ بھی شامل ہوگا۔

برسوں تک ایمازون کا نام سستے ٹیبلٹس سے جڑا رہا ہے  مگر اب کمپنی نے وہی راستہ بدل ڈالا ہے ،  نئے ’الیکسا ٹیبلٹس‘ کی قیمت 550 ڈالر تک جا پہنچی ہے، یعنی اس کے پرانے مہنگے ترین ٹیبلٹ سے تین گنا سے بھی زیادہ۔

مہنگی مارکیٹ میں قدم

خبر رساں ایجنسی ’روئٹرز‘ کے مطابق کمپنی نے یہ اقدام مہنگے اور اعلیٰ معیار کے ڈیوائسز کی مارکیٹ میں قدم بڑھانے کی حکمت عملی کے باعث  کیا ہے ، امریکی شہر سان فرانسسکو میں گزشتہ روز  ’الیکسا ٹیبلٹس‘ متعارف کرائے گئے، جن کی ابتدائی قیمت 230 ڈالر سے 500 ڈالر کے درمیان ہے، جبکہ سب سے مہنگے ماڈل کی قیمت 550 ڈالر رکھی گئی ہے۔

 تمام نئے ٹیبلٹس ایلومینیم باڈی کے ساتھ آئے ہیں، جبکہ ’ایمازون‘ کے سابقہ فائر ٹیبلٹس پلاسٹک باڈی میں آتے تھے۔

مقابلہ کس سے ہے؟ 

550 ڈالر کا 128 جی بی سٹوریج والا اعلیٰ ماڈل ایپل کے 450 ڈالر کے ’آئی پیڈ‘ اور ’سام سنگ‘ کے 550 ڈالر کے ’گلیکسی ٹیبلٹ‘ کے مقابل کھڑا کیا گیا ہے ، اس سے پہلے ’ایمازون‘ کا مہنگا ترین فائر ایچ ڈی 10 ٹیبلٹ تقریباً 180 ڈالر میں دستیاب تھا، اگرچہ کمپنی اس پر اکثر رعایت بھی دیتی تھی۔

پرانی حکمت عملی تبدیل 

’ایمازون‘ کے ڈیوائسز کے سربراہ پینوس پانے کے مطابق یہ فیصلہ کمپنی کے سستے ڈیوائسز سے اعلیٰ قیمت والی مصنوعات کی طرف سفر کو ظاہر کرتا ہے۔

ماضی میں کم قیمت ٹیبلٹس کا مقصد صارفین کو پرائم ویڈیو، کنڈل، میوزک اور ای کامرس سروسز سے جوڑنا تھا اور اس کے بدلے سکرین کے معیار اور بیٹری ٹائمنگ میں ایپل اور سام سنگ کے مقابلے میں سمجھوتہ کرنا پڑتا تھا۔

 اینڈرائیڈ کی آمد

رپورٹ کے مطابق ’ایمازون‘ نے ان ٹیبلٹس کو ’کٹی ہاک‘ کے کوڈ نام سے تیار کیا۔ اب کمپنی فائر او ایس کو چھوڑ کر اینڈرائیڈ پر منتقل ہو گئی ہے، حالانکہ فائر او ایس خود اینڈرائیڈ ہی کا تبدیل شدہ ورژن تھا۔ اس تبدیلی کا ایک فائدہ یہ ہے کہ صارفین اب فائر او ایس ایپ سٹور تک محدود نہیں رہیں گے۔

الیکسا پلس

نئے ٹیبلٹس کی سب سے نمایاں خصوصیت اے آئی سے لیس ’الیکسا پلس‘ ہے، جو سوالات کے جواب دینے کے ساتھ مختلف کام بھی انجام دے سکے گا تاہم اسے استعمال کرنے کے لیے پرائم ممبرشپ یا الگ سبسکرپشن لینا ہوگی۔

اس جرأت مندانہ فیصلے کے پیچھے مارکیٹ کے اعداد و شمار بھی ہیں  ، عالمی مارکیٹ میں ’ایمازون‘ کا حصہ ایک سال پہلے کے آٹھ فیصد سے گر کر 1.9 فیصد رہ گیا ہے۔ ایپل 34 فیصد حصے کے ساتھ پہلے اور سام سنگ 17.5 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

اشتہارات سے نجات کی الگ قیمت

نئے ٹیبلٹس کی قیمت میں لاک سکرین کے اشتہارات ختم کرنے کی فیس شامل نہیں ،  اس کے لیے صارف کو 20 ڈالر کی یکمشت ادائیگی کرنا ہوگی، جو فائر او ایس ٹیبلٹس کی 15 ڈالر فیس سے زیادہ ہے البتہ سب سے مہنگے الیکسا ٹیبلٹ میں اشتہارات سرے سے ہوں گے ہی نہیں۔

پرانے ٹیبلٹس کا مستقبل؟

’ایمازون‘ کا کہنا ہے کہ فائر او ایس پر چلنے والے پرانے ٹیبلٹس بدستور کام کرتے رہیں گے۔ تاہم کمپنی نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ آئندہ فائر او ایس اور اس کے ایپ سٹور کی دیکھ بھال جاری رکھے گی یا نہیں۔

editor

Related Articles