بھارتی گلوکار میکا سنگھ نے پاکستان اور پاکستانی عوام کے بارے میں مثبت خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایک ایسا سوال اٹھا دیا جو سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہا ہے۔
آزاد ڈیجیٹل کے مطابق، حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران میکا سنگھ نے موسیقی کے علاوہ سرحد پار موجود مداحوں اور پاکستان کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔
گفتگو کے دوران بھارتی گلوکار نے کہا کہ پاکستان برا ملک نہیں اور نہ ہی پاکستانی عوام برے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ پاکستان میں رہنے والے مسلمانوں کے بارے میں منفی سوچ کیوں رکھی جاتی ہے، جبکہ دبئی میں رہنے والے مسلمانوں کو اچھا سمجھا جاتا ہے۔
میکا سنگھ کا کہنا تھا کہ انہیں آج تک یہ بات سمجھ نہیں آئی کہ پاکستان کے مسلمانوں اور دبئی کے مسلمانوں کے بارے میں لوگوں کا رویہ مختلف کیوں ہے۔
ان کے اس بیان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے اور سرحد پار عوام کے بارے میں سوچ اور رویوں پر ایک نئی بحث کو جنم دے رہی ہے۔