دشمن کو ملک سے پاک کرنے کا عزم ، سیکیورٹی فورسز اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) لکی مروت کی جانب سے ایک کامیاب مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) کے دوران کوہاٹ پولیس لاینز حملے کے ماسٹر مائنڈ کالعدم تنظیم کے کمانڈر مفتی زاہد گل (HGB) کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
یہ کارروائی دوپہر ڈھائی بجے کے قریب مصدقہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی ، ہلاک ہونے والا دہشت گرد کوہاٹ پولیس لائنز کے پرانے حملے کا مرکزی ماسٹر مائنڈ تھا اور اس نے خود ایس بی (Suicide Bomber) گاڑی کو پولیس لائنز تک پہنچایا تھا ۔ وہ اس کے علاوہ بھی متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں براہِ راست ملوث رہا ہے۔
بینک ڈکیتیوں میں ملوث
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ماسٹر مائنڈ حال ہی میں بلتانگ بینک ڈکیتی میں بھی موجود تھا، جہاں سے 60 لاکھ روپے لوٹ کر بکاخیل اور جانی خیل میں قائم بنوں کی تشکیلوں (تشکيلز) میں تقسیم کیے گئے تھے ، مارا جانے والا کمانڈر ایچ جی بی (HGB) گروپ کے ساتھ قریبی رابطے میں تھا اور دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے متعدد خودکش حملہ آوروں (SBs) کی کوہاٹ منتقلی میں سہولت کاری فراہم کرتا رہا ہے۔
دہشت گرد نیٹ ورک اور آئندہ کے ناپاک عزائم
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تقریباً دو ماہ قبل وہ نئے کوہاٹ پولیس لائنز پر حملے کے لیے بھی ایک خودکش حملہ آور کو لایا تھا، تاہم وہ منصوبہ کامیاب نہ ہوسکا ، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس کا اگلا ہدف کوہاٹ میں پی اے ایف (PAF) کا سیٹ اپ اور پولیس ٹریننگ اسکول کوہاٹ کو نشانہ بنانا تھا۔
سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ اس تشکیل (Tashkeel) کے دیگر ارکان کو پہلے ہی حراست میں لیا جا چکا ہے، جبکہ ملک دشمن عناصر کے خلاف گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے اور دشمن کو خاک میں ملانے کا مشن جاری رہے گا ۔