خیبرپختونخوا کی ترقی کا فیصلہ عوام کریں گے، ترقیاتی کونسلوں کے ارکان کی نامزدگیاں مکمل، فہرست وفاق کو ارسال

خیبرپختونخوا کی ترقی کا فیصلہ عوام کریں گے، ترقیاتی کونسلوں کے ارکان کی نامزدگیاں مکمل، فہرست وفاق کو ارسال

خیبرپختونخوا میں علاقہ ترقیاتی کونسلوں کے ارکان کی نامزدگی کا عمل آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے۔ صوبے کے 12 اضلاع میں جرگوں کے ذریعے نامزد کیے گئے کونسل ارکان کی فہرست تمام متعلقہ انتظامی مراحل سے گزرنے کے بعد گورنر خیبرپختونخوا کی منظوری سے وفاقی حکومت کو ارسال کر دی گئی ہے۔ علاقہ ترقیاتی سیکرٹریٹ کے مطابق اب وفاقی حکومت کی جانب سے نامزد ارکان کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری ہونے کا انتظار ہے، جو جلد متوقع ہے۔

علاقہ ترقیاتی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ترقیاتی کونسلوں کے ارکان کی نامزدگی کے لیے پورا عمل شفافیت، عوامی امنگوں اور مقامی روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے صوبے کے تمام 12 اضلاع میں باقاعدہ جرگوں کا انعقاد کیا گیا، جہاں مقامی آبادی کو اپنے پسندیدہ نمائندوں کے نام تجویز کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔

بیان کے مطابق نامزدگی کے ابتدائی مرحلے میں متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے تعاون سے منعقد ہونے والے جرگوں میں مقامی افراد نے بھرپور شرکت کی۔ جرگوں کے دوران مقامی آبادی کی مشاورت سے ترقیاتی کونسلوں کے لیے ارکان کے نام تجویز کیے گئے، تاکہ علاقے کی نمائندگی کرتے ہوئے مقامی ضروریات اور عوامی ترجیحات کو ترقیاتی عمل میں شامل کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:اب سیاست نہیں، عوام کا درد اہم، گورنر فیصل کریم کنڈی سکول سانحہ کے متاثرہ خاندانوں کے درمیان پہنچ گئے

علاقہ ترقیاتی سیکرٹریٹ کے مطابق جرگوں کے ذریعے موصول ہونے والی نامزدگیوں کی ابتدائی جانچ پڑتال اور انتظامی کارروائی ایڈیشنل چیف سیکرٹری/ایڈمنسٹریٹر علاقہ ترقیاتی سیکرٹریٹ کی سطح پر مکمل کی گئی۔ اس کے بعد تفصیلی مشاورت کے نتیجے میں نامزد ارکان کی فہرست مزید کارروائی کے لیے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو ارسال کی گئی۔

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے فہرست پر ضروری انتظامی کارروائی مکمل کرنے کے بعد اسے گورنر خیبرپختونخوا کو منظوری کے لیے بھجوا دیا۔ گورنر کی جانب سے متعلقہ آئینی اور انتظامی مراحل مکمل کیے جانے کے بعد نامزد ارکان کے نام حتمی منظوری اور باضابطہ نوٹیفکیشن کے لیے وفاقی حکومت کو ارسال کر دیے گئے ہیں۔

سیکرٹریٹ کے مطابق نامزدگی کے تمام متعلقہ مراحل مکمل ہو چکے ہیں اور اب وفاقی حکومت کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری ہونا باقی ہے۔ نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد ترقیاتی کونسلوں کے ارکان کی نامزدگی کا عمل باضابطہ طور پر مکمل ہو جائے گا۔

ترقیاتی کونسلوں میں مقامی آبادی کی مشاورت سے ارکان کی نامزدگی کو علاقائی سطح پر نمائندگی اور ترقیاتی ترجیحات کے تعین کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ جرگوں کے ذریعے نام تجویز کیے جانے کا مقصد مقامی روایات کے مطابق عوامی مشاورت کو اہمیت دینا اور علاقوں کے مسائل کو ترقیاتی منصوبہ بندی میں جگہ دینا ہے۔

اب تمام تر توجہ وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن پر مرکوز ہے، جس کے اجرا کے بعد نامزد ارکان کی باضابطہ حیثیت واضح ہو جائے گی۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles