افغان سرزمین سے سرگرم بھارتی پراکسی نیٹ ورکس کا بلوچستان کے علاقے سوراب سے متعلق جعلی اور من گھڑت پروپیگنڈا بے نقاب ہوگیا ہے۔
آزاد فیکٹ چیک کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر افغان سرزمین سے سرگرم پراکسی اکاؤنٹ ’پاک انٹرنیشنل نیوز‘ بلوچستان کے ضلع سوراب کے علاقے گیدڑ میں پاکستانی سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان شدید اور مسلسل جھڑپوں کی جعلی اور من گھڑت خبریں پھیلا رہا ہے۔ ان خبروں میں فوجی اہلکاروں کی ہلاکتوں کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے، جسے آزاد فیکٹ چیک نے مکمل طور پر جعلی قرار دیا ہے۔
آزاد فیکٹ چیک کے مطابق ضلع سوراب اور اس کا علاقہ گیدڑ مکمل طور پر پُرامن ہیں اور ریاستی قانون نافذ کرنے والے اداروں کا مکمل آپریشنل کنٹرول برقرار ہے۔ ادارے کے مطابق علاقے میں کسی قسم کی مسلح جھڑپ، شدت پسندوں کی جانب سے گھات لگا کر حملے یا فائرنگ کے تبادلے کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، جبکہ فوجی اہلکاروں کی ہلاکتوں سے متعلق دعوے بھی من گھڑت ہیں۔
آزاد فیکٹ چیک کے مطابق افغان سرپرستی میں سرگرم پراکسی نیٹ ورکس اور مخالف عسکریت پسند گروہوں کے میڈیا ونگز فرضی جھڑپوں کی خبریں اور ریاستی اہلکاروں کی ہلاکتوں کے جعلی دعوے پھیلاتے ہیں، تاکہ زمینی سطح پر اپنی کارروائیوں کی صلاحیت نہ ہونے کے باوجود اپنی موجودگی اور آپریشنل رسائی کا تاثر قائم کیا جا سکے۔
فیکٹ چیک کے مطابق فعال جنگی علاقوں سے متعلق جعلی خبریں تیار کرنا نفسیاتی جنگ کی ایک دانستہ حکمت عملی ہے، جس کا مقصد عوام میں بلاجواز خوف و ہراس پھیلانا، مقامی شہریوں کی معمولاتِ زندگی متاثر کرنا، پراکسی گروہوں کے حوصلے بلند دکھانا اور ڈیجیٹل میڈیا پر ریاست مخالف گمراہ کن معلومات پھیلانا ہے۔
