رونالڈو کے تاریخی ریکارڈ کو جھٹکا؟ 982ویں گول پر سوال اٹھ گئے

رونالڈو کے تاریخی ریکارڈ کو جھٹکا؟ 982ویں گول پر سوال اٹھ گئے

پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے ایک گول نے فٹبال کی دنیا میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ سعودی پرو لیگ نے گول رونالڈو کے نام کردیا، تاہم 4 معروف فٹبال ڈیٹا پلیٹ فارمز اسے حریف ٹیم کے کھلاڑی کا اون گول قرار دے رہے ہیں۔

میڈیا تفصیلات کے مطابق، سعودی کلب النصر نے جمعے کو الفیصلی کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔ میچ کے 49ویں منٹ میں جواؤ فیلکس کی فری کک پر گیند رونالڈو اور الفیصلی کے دفاعی کھلاڑی آندرے جیروٹو کے درمیان سے گزرتی ہوئی گول پوسٹ میں چلی گئی۔ گول کے بعد رونالڈو نے اپنا روایتی جشن منایا، لیکن ویڈیو ری پلے سے یہ واضح نہیں ہوسکا کہ گیند ان سے ٹکرائی تھی یا نہیں۔

گول رونالڈو کا یا حریف کھلاڑی کا؟

فٹبال کے چار معروف ڈیٹا پلیٹ فارمز اوپٹا، سوفا اسکور، فوٹ موب اور فلیش اسکور نے اس گول کو الفیصلی کے دفاعی کھلاڑی آندرے جیروٹو کے کھاتے میں درج کیا ہے۔

ان پلیٹ فارمز کے ریکارڈ کے مطابق، رونالڈو کے کیریئر میں گولز کی تعداد 981 بنتی ہے۔ تاہم، سعودی پرو لیگ کے سرکاری ریکارڈ اور ریفری کی رپورٹ میں یہ گول رونالڈو کے نام درج کیا گیا ہے، جس کے باعث ان کے گولز کی مجموعی تعداد پر اختلاف پیدا ہوگیا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں:شاداب خان اور حارث رؤف کی شراکت نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا

1000 گولز کا تاریخی سنگ میل کتنا دور؟

رونالڈو کے لیے کیریئر میں ایک ہزار گولز مکمل کرنا ایک بڑا ہدف ہے۔ موجودہ تنازع کے باعث اس سنگ میل تک پہنچنے کے لیے درکار گولز کی تعداد بھی مختلف ریکارڈز میں مختلف ہے۔

سعودی پرو لیگ کے حساب سے رونالڈو 1 ہزار گولز مکمل کرنے سے صرف 18 گول دور ہیں، جبکہ اوپٹا کے ریکارڈ کے مطابق انہیں اس تاریخی سنگ میل تک پہنچنے کے لیے مزید 19 گول درکار ہیں۔

میچ کے 52ویں منٹ میں رونالڈو نے ایک اور گول کیا، لیکن ویڈیو اسسٹنٹ ریفری یعنی وی اے آر کے جائزے کے بعد اسے آف سائیڈ قرار دے کر مسترد کردیا گیا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ اس متنازع گول کو مستقبل میں کس طرح شمار کیا جاتا ہے اور رونالڈو1 ہزار گولز کا تاریخی ہدف کب حاصل کرتے ہیں۔

editor

Related Articles