اینی میشن کی دنیا کے معروف اور ہر دلعزیز وائس آرٹسٹ ایرک باؤزا 46 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، وہ کارٹون کی دنیا کے مشہور ترین کرداروں بگز بنی اور ڈیفی ڈک سمیت متعدد مقبول کرداروں کو اپنی منفرد آواز دینے کے لیے پوری دنیا میں پہچانے جاتے تھے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایرک باؤزا کے اہلِخانہ نے اتوار 25 اکتوبر کو ان کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری کردہ ایک پیغام میں ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے، تاہم ان کی موت کی وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی ہے۔
ان کے انتقال کی خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب شائقین نے حال ہی میں ان کے تازہ ترین منصوبے “Coyote vs. Acme” میں ان کی آواز سنی تھی۔
شاندار فنی سفر اور یادگار کردار
ایرک باؤزا نے 2020 میں وارنر برادرز کی مشہور اینی میٹڈ سیریز “لونی ٹیونز” کے کرداروں کو آواز دینے کا آغاز کیا تھا ، اس کے بعد انہوں نے بگز بنی اور ڈیفی ڈک کے علاوہ پورکی پگ، ٹوئیٹی اور مارون دی مارٹین جیسے لازوال کرداروں کے لیے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا، جبکہ بگز بنی کے کردار میں انہوں نے وائس آرٹسٹ جیف برگمین کے ساتھ بھی کام کیا۔
وارنر برادرز کے علاوہ انہوں نے “ووڈی ووڈپیکر” سمیت متعدد دیگر اینی میٹڈ کرداروں کو بھی آواز بخشی، جس نے انہیں اینی میشن انڈسٹری کا ایک نمایاں فنکار بنا دیا۔
7 دسمبر 1979 کو پیدا ہونے والے ایرک باؤزا نے اپنے طویل کیریئر میں ٹیلی ویژن، فلموں، ویڈیو گیمز اور مختصر دورانیے کی اینی میشنز میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ، ان کے کیریئر کا اہم موڑ اس وقت آیا جب انہوں نے “Ren & Stimpy Adult Party Cartoon” میں اسٹمپّی کے کردار کے لیے آواز دی، جس نے ان کے لیے ترقی کے مزید دروازے کھولے ۔
اپنے پورے کیریئر کے دوران انہوں نے مجموعی طور پر 249 منصوبوں کے لیے 935 وائس رولز سر انجام دیے۔ ان کے دیگر نمایاں کاموں میں “The Adventures of Puss in Boots” کے مرکزی کردار اور “Muppet Babies” میں بے بی فوزی کی آواز بھی شامل ہے۔
اعزازات اور کامیابیاں
ان کی فنی خدمات کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر بے پناہ پذیرائی ملی اور انہیں درج ذیل اہم اعزازات سے نوازا گیا : سال 2022 : “Looney Tunes Cartoons” میں بہترین وائس پرفارمنس پر بچوں اور فیملی ایمی ایوارڈ
سال 2023: “Bugs Bunny Builders” کے لیے بچوں اور فیملی ایمی ایوارڈ
سال 2025: “Teen Titans Go!” کے لیے بچوں اور فیملی ایمی ایوارڈ
ایرک باؤزا کی ناگہانی موت سے کارٹون اور اینی میشن کی دنیا ایک عظیم فنکار اور بے مثال صلاحیت کے حامل شخص سے محروم ہو گئی ہے۔