ملک کے مختلف شہروں میں ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور سمیت مختلف علاقوں میں ایل پی جی 550 سے 650 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے، جبکہ گھریلو سلنڈر کی قیمت بھی 6 ہزار روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت 570 سے 580 روپے تک پہنچ گئی ہے، جس کے باعث گھریلو صارفین کو گیس کے حصول کیلئے بھاری رقم خرچ کرنا پڑ رہی ہے۔
لاہور میں بھی ایل پی جی کی قیمتیں بلند سطح پر پہنچ گئی ہیں، گیس 550 سے 650 روپے فی کلوگرام تک فروخت کی جا رہی ہے۔
منڈی بہاؤالدین میں بھی ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے شہریوں کو پریشان کر دیا ہے، مہنگے داموں گیس خریدنے پر مجبور دیہاڑی دار مزدوروں اور سفید پوش طبقے کیلئے روزمرہ اخراجات پورے کرنا مشکل ہو رہا ہے۔
شہریوں کو ایک جانب گیس کے بھاری بل ادا کرنا پڑ رہے ہیں تو دوسری جانب گیس کی قلت کے باعث مہنگی ایل پی جی خریدنے پر بھی رقم خرچ کرنا پڑ رہی ہے، جس سے ان کے گھریلو بجٹ پر اضافی بوجھ پڑ رہا ہے۔
کوئٹہ میں بھی ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے، شہر کے وسطی علاقوں میں گیس 550 سے 600 روپے فی کلو جبکہ مضافاتی علاقوں میں 600 سے 640 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے، ایل پی جی سمیت دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کے گھریلو اخراجات بڑھا دیئے ہیں۔
دوسری جانب پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں گیس لوڈشیڈنگ میں اضافے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
مختلف شہروں میں ایل پی جی کی بلند قیمتوں کے باعث شہریوں کو گھریلو ضروریات پوری کرنے کے لیے پہلے ہی بھاری اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑ رہے ہیں، جبکہ دوسری طرف سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اس ہوشربا مہنگائی نے عام صارفین کی کمر توڑ دی ہے.
سردی کی آمد سے قبل بے لگام قیمتوں نے متوسط اور غریب طبقے کے لیے چولہا جلانا بھی محال کر دیا ہے، عوامی حلقوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے تاکہ عوام کو اس شدید اذیت سے نجات دلائی جا سکے۔