بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بنیادوں پر کی گئی مختلف کارروائیوں کے دوران 13 خوارج ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
واشک، بلوچستان میں مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات اور مسلسل نگرانی کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فتنة ہندوستان کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران کواڈ کاپٹر کے ذریعے مؤثر اسٹرائیک کی گئی، جس کے نتیجے میں 6 خوارج ہلاک ہوگئے، جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔
خیبر پختونخوا کے علاقے میران شاہ میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر سیکیورٹی فورسز نے فتنة الخوارج کی نشاندہی کے بعد ان کی نقل و حرکت کی مسلسل فضائی نگرانی کی۔ خوارج کے اپنے ٹھکانے پر پہنچتے ہی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 4 خوارج ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان دشمن نیٹ ورک کے خلاف کارروائیاں جاری ،آپریشن ردالفتنہ 3 میں سیکیورٹی فورسز نے 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا
جنوبی وزیرستان میں بھی مصدقہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر فتنة الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے اور ان کی نقل و حرکت کی مسلسل نگرانی کے بعد کارروائی کی۔
بیان کے مطابق درست راکٹ اسٹرائیک اور قریبی جھڑپوں کے نتیجے میں 3 خوارج ہلاک ہوگئے، جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
