پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیصل قریشی نے 52 سال کی عمر میں اپنی بہترین فٹنس اور مضبوط جسم کا راز شیئر کرکے مداحوں کو حیران کردیا۔ اداکار کی جم میں ورزش کرتے ہوئے تصویر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی۔
فیصل قریشی نے حال ہی میں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جم میں ورزش کے دوران لی گئی تصویر شیئر کی، جس میں وہ اپنے مضبوط مسلز دکھاتے نظر آئے۔
اداکار نے اپنی فٹنس کے حوالے سے بتایا کہ وہ گزشتہ 6 سال سے باقاعدگی سے ورزش کر رہے ہیں، تاہم انہیں صحت مند غذا اور مناسب غذائیت کی اہمیت کا اصل اندازہ صرف 2 سال قبل ہوا۔
فیصل قریشی کے مطابق بہترین جسمانی فٹنس حاصل کرنے کے لیے صرف سخت ورزش کرنا کافی نہیں، بلکہ یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ جسم کو کیا غذا چاہیے، کتنی مقدار میں کھانا ضروری ہے اور مناسب آرام و وٹامنز کی کتنی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمر بڑھنے کے ساتھ جسمانی نتائج حاصل کرنے میں وقت ضرور لگتا ہے، لیکن مستقل مزاجی اور نظم و ضبط کے ذریعے مطلوبہ فٹنس حاصل کی جاسکتی ہے۔
اہلیہ کا محبت بھرا تبصرہ بھی توجہ کا مرکز بن گیا
فیصل قریشی کی فٹنس تصویر پر ان کی اہلیہ ثنا فیصل نے بھی محبت بھرے انداز میں تبصرہ کیا اور انہیں ’مائی فارایور ہاٹی‘ قرار دیا، جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی توجہ بھی اس پوسٹ کی جانب مبذول ہوگئی۔
اداکار کی فٹنس اور ورزش سے متعلق یہ پیغام مداحوں کو صحت مند طرز زندگی اپنانے اور اپنی صحت پر توجہ دینے کی ترغیب دے رہا ہے۔